کیٹی ہومز اور ٹام کروز کی طلسماتی شادی ختم
30 جون 2012امریکی فلمی صنعت ہالی ووڈ کے ایک اور خوبصورت جوڑے کی شادی ختم ہو گئی ہے۔ ٹام کروز اور کیٹی ہومز کی شادی پانچ برس تک رہی۔ ایک دوسرے کے حصول کو اپنی خوش قسمتی پر مامور کرنے والا یہ جوڑا عدالت سے شادی ختم کر کے طلاق کی ڈگری کا طلب گار ہے۔ طلاق کی درخواست کیٹی ہومز کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ ٹام کروز نے اس درخواست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اداس ہیں اور انہیں فکر اپنے بچوں کی ہے۔ کیٹی ہومز کے وکیل جوناتھن وولف نے اس معاملے کو ایک نجی معاملہ قرار دیا ہے۔ ایسے ہی خیالات ٹام کروز کے نمائندے کی جانب سے سامنے آئے ہیں۔ کروز ان دنوں اپنی ایک فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں آئس لینڈ پہنچے ہوئے ہیں۔
سن 2005 میں شروع ہونے والے کروز اور ہومز کے رومانس کے دوران دونوں نے پیرس کے آئیفل ٹاور کے نیچے شادی کرنے کا عہد کیا۔ اس شادی کا بندھن 18 نومبر سن 2006 کو اٹلی کے دارالحکومت روم کے نزدیک پندرہویں صدی کے نہایت پرشکوہ اوڈیسکلاشی (Odescalchi) قلعے میں باندھا گیا۔ شادی کی رسومات امریکی مسیحی فرقے سینٹالوجی (Scientology) کے لیڈر ڈیوڈ مس کیوج (David Miscavige) نے ادا کیں۔ شادی سے قبل کیٹی ہومز نے سینٹالوجی عقیدے کو اپنا لیا تھا۔
طلاق کے معاملات طے پا گئے تو کیٹی ہومز کو جتنے برس ان کی شادی قائم رہی ہے، اس کے ہر سال کے عوض تین ملین امریکی ڈالر ملیں گے۔ اس کے علاوہ کیلیفورنیا میں ایک مینشن کا حقِ ملکیت بھی ملے گا۔ یہ ابھی طے نہیں ہے لیکن امکان ہے کہ شادی کی ابتدائی شرائط کے مطابق ہی فریقین معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔ کیٹی ہومز اپنی بیٹی کے حصول کی خواہش بھی رکھتی ہیں۔
ٹام کروز کے ساتھ کیٹی ہومز کی پہلی شادی تھی۔ ان کے پانچ سالہ ازدواجی تعلقات کی نشانی ان کی بیٹی سُوری ہے۔ امریکی میڈیا میں ابھی اداکار جونی ڈیپ (Johnny Depp) کی فرانسیسی اداکارہ وانیسا پاراڈیس (Vanessa Paradis) کی طلاق کی بازگشت ابھی موجود تھی کہ کروز اور ہومز کی طلاق نے گفتگو کا ایک نیا باب کھول دیا ہے۔ ٹام کروز سے شادی سے قبل کیٹی ہومز نے اعتراف کیا تھا کہ وہ ٹین ایج سے ٹام کروز پر فریفتہ تھیں۔ ان کا ٹین ایج کرش شادی میں ضرور تبدیل ہوا مگر یہ تعلق پائیدار نہ ہو سکا۔
ٹام کروز اگلے منگل کو پچاس برس کے ہونے والے ہیں اور اپنی گولڈن جوبلی سالگرہ کو اب وہ یقینی طور پر نہایت جوش وخروش سے نہیں منا سکیں گے۔ ان کی پہلی شادی اپنے سے چھ سال بڑی اداکارہ میمی راجرز (Mimi Rogers) کے ساتھ ہوئی تھی جو صرف چار برس قائم رہی۔ سن 1990 میں کروز نےخوبرو آسٹریلوی اداکارہ نکول کِڈمین سے شادی کی۔ یہ شادی گیارہ برس تک چلتی رہی اور انجام کار یہ بھی طلاق پر ختم ہوئی۔ سن 2006 میں مشہور امریکی اداکار نے اپنے سے سترہ برس چھوٹی عمر کی اداکارہ کیٹی ہومز (Katie Holmes) سے شادی کی۔ 29 جون کو کیٹی ہومز نے طلاق کی درخواست عدالت میں فائل کر دی ہے۔
ah/aba (AFP)