1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’گائے کا تحفظ‘: دو مسلمانوں کو تشدد کر کے ہلاک کر دیا گیا

27 اگست 2017

بھارت کے مشرقی حصے میں دیہاتیوں نے دو ایسے مسلمانوں کو تشدد کر کے ہلاک کر دیا ہے جن کے ٹرک میں مویشی موجود تھے۔ ہندوؤں میں مقدس سمجھی جانے والی گائے کی رکھوالی کے نام پر یہ مزید دو قتل ہیں۔

https://p.dw.com/p/2ivgs
Indien Schmuggel RInder
تصویر: Shaikh Azizur Rahman.

بھارتی پولیس کے مطابق جب دیہاتیوں نے ان کے ٹرک کو روکا تو وہ بنگلہ دیش کی سرحد کے قریب مغربی بنگال میں گائیوں کو لے جا رہے تھے۔ بھارتی ریاست ویسٹ بنگال کے ایک سینیئر پولیس افسر انوج شرما نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’ دیہاتیوں نے سڑک بلاک کر کے ان کی گاڑی کو زبردستی روکا اور دونوں افراد کو ٹرک سے اتار کر تشدد کر کے ہلاک کر دیا۔ ٹرک کا ڈرائیور جان بچا کر فرار ہونے میں کامیاب رہا۔‘‘

پولیس کے مطابق فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ آیا اس قتل کے پیچھے مذہبی وجوہات کار فرما تھیں یا پھر یہ کہ یہ افراد گائیوں کے ساتھ بدسلوکی کر رہے تھے۔ پولیس  کے مطابق تشدد کر کے دو افراد کو ہلاک کرنے کے اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا مذکورہ افراد قانونی طور پر جانوروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے یا پھر وہ گوشت کے حصول کے لیے غیر قانونی طور پر ان گائیوں کو لے جا رہے تھے۔

زیادہ تر بھارتی ریاستوں کے بر عکس جہاں گائے کا گوشت کھانے یا رکھنے پر پابندی ہے، بھارتی ریاست مغربی بنگال میں گائے کو ذبح کرنے کی اجازت ہے۔ بعض بھارتی ریاستوں میں تو ان قوانین کی خلاف ورزی پر عمر قید کی سزا مقرر ہے۔

بھارت میں رواں برس گائیوں کے تحفظ کے نام پر مسلمانوں کو قتل کرنے کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ ہلاک کیے جانے والوں پر اکثر گائیوں کو ذبح کرنے یا ان کا گوشت کھانے کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ’’گاؤ رکھشک‘‘ یا گائیوں کے محافظ کے نام سے وجود میں آنے والے گروپوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ لوگ ملک کی شاہراہوں پر گشت کرتے ہیں اور وہاں سفر کرنے والے ٹرکوں کو تلاشیاں لیتے ہیں تاکہ گائیوں کی نقل و حمل کو روکا جا سکے۔

رواں برس جون میں مغربی بنگال میں ہی تین مسلمانوں کو اس الزام کے تحت تشدد کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا کہ وہ گائیوں کو چوری کر رہے تھے۔ جون میں ہی ایک نوجوان کو ایک ٹرین میں چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا جس کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ گوشت لے جا رہا تھا۔ اُسی ماہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گائیوں کے تحفظ کے نام پر لوگوں کو قتل کرنے کی مذمت کی تھی۔

Flash-Galerie Religion und Essen Hinduismus
ہندو مذہب میں گائے کو مقدس سمجھا جاتا ہےتصویر: AP

اپریل میں بھارتی ریاست راجھستان میں ایک مسلمان شخص کو تشدد کر کے ہلاک کیا گیا کیونکہ اس کے ٹرک میں گائیں موجود تھیں حالانکہ یہ شخص ایک کسان تھا اور دودھ کے حصول کے لیے گائیں خرید کر لے جا رہا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید