گلشن گروور اور سلمیٰ ہائیک ایک ساتھ
19 اکتوبر 2010سلمیٰ ہائیک نئی فلم ’ دی ڈرائیور‘ میں بھارتی اداکار گلشن گروور کی بیوی کا کردار ادا کریں گی۔ میکسیکو کی خوبرو اداکارہ کئی فلموں میں جلوہ گر ہو چکی ہیں ۔ ’دی ڈرائیور‘ نامی فلم کے دوسرے اداکاروں میں وِل اسمتھ، کوئین لطیفہ، ووپی گربڈبرگ کے علاوہ جینٹ جیکسن بھی بطور مہمان اداکارہ کے شریک ہیں۔ باسکٹ بال کھیل میں عالمی شہرت رکھنے والے امریکی کھلاڑی کوبے برائنٹ بھی فلم میں اداکاری کا مظاہرہ کریں گے۔
دی ڈرائیور نامی فلم کے ہدایتکار بِل ڈیوک ہیں۔ فلم مزاج کے اعتبار سے اور گلشن گروور کے نام کے حوالے سے قطعاً ایکشن نہیں ہو گی۔ یہ ایک ہلکی پھلکی کامیڈی ہے۔ ہدایتکار کے مطابق گلشن گرور کے انتخاب کی بڑی وجہ ان کا انداز، لب و لہجہ اور تجربہ ہے۔ ڈیوک کا خیال ہے کہ ہالی ووڈ اداکاروں کے ساتھ کام کرنے سے یقینی طورگروور کا کردار منفرد انداز سے ابھرے گا۔
گلشن گروور کے مطابق وہ امریکی شہر لاس اینجلیز میں ایک چیرٹی پروگرام میں شرکت کے لئے گئے ہوئے تھے اور وہیں ہدایتکار بل ڈیوک کے ساتھ ملاقات میں فلم کے سکرپٹ اور کردار پر بات ہوئی۔ گروور کو یہ کردار پسند آیا اور انہوں نے کام کرنے کی حامی بھر لی۔ فلم میں ان کا کردار ایک اکاؤنٹنٹ کا ہے، جو اپنے خوابوں کی تکمیل کے لئے ایک دن اپنی بیوی کو لے کر نکل پڑتا ہے اور اس سفر کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور دلچسپ واقعات فلم میں سموئے جائیں گے۔
بھارتی اداکارگلشن گروور نے فلم میں کام کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دئے ہیں۔ وہ اس سے پہلے بھی ہالی ووڈ کی فلموں میں چھوٹے بڑے کردار ادا کر چکے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک فلم ’’ Nephilim, Prisoners of the Sun ‘‘ خاصی اہم خیال کی جاتی ہے۔ بھارت میں گروور کی کئی فلمیں مقبول ہوئیں۔ ان میں خاص طور پر ’یس باس‘ اور ’مہرہ‘ اہم ہیں۔ وہ اس وقت پچپن سال کے ہیں۔
چوالیس سالہ سلمیٰ ہائیک کا تعلق میکسیکو سے ہے۔ ان کو ہالی ووڈ کی فلم ’ ڈیسپیراڈو‘ سے یورپ اور دوسرے ملکوں میں شہرت ملی تھی۔ اس فلم میں ان کے مد مقابل انتونیو بینڈراس نے ہیرو کا کردار ادا کیا تھا۔ ’’فریڈا‘‘ نامی فلم پر ان کو آسکر کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔ وہ اب امریکی شہری بن چکی ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عاطف بلوچ