1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گلوکار اور موسیقار صدر ٹرمپ سے ناراض کیوں ہیں؟

5 اگست 2020

معروف امریکی گلوکار نیل ینگ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابی جلسوں میں بجنے والے اپنے نغموں کے حوالے سے کئی بار شکایت کر چکے تھے اور اب انہوں نے اس کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3gQZP
Neil Young
تصویر: Imago/UPI Photo/A. Carpenter

کینیڈا سے تعلق رکھنے والے امریکی گلوکار اور نغمہ نگار نیل ینگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابی مہم میں اپنی موسیقی استعمال کرنے کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ وہ اس سے قبل ٹرمپ کی انتخابی مہم چلانے والی ٹیم کو کئی مرتبہ متنبہ کر چکے تھے اور کہا تھا کہ ان کے نغموں اور موسیقی کو ٹرمپ کے انتخابی ریلیوں میں قطعی نہ بجایا جائے۔

کاپی رائٹ یا حق اشاعت کی خلاف ورزی سے متعلق درخواست میں مدعی (نیل ینگ) نے استدعا کی ہے کہ، ''بیدار ضمیر کے طور پر وہ اپنے تھیم سانگز(نغموں) کو ایسی مہم کے لیے استعمال کی اجازت نہیں دے سکتے جو امریکی اقدار کے منافی ہیں اور جس کا استعمال جاہلیت، نفرت اور تفرقہ پیدا کرنے کے لیے کیا جاتا ہو۔''

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے اپنی مہم زور شور شروع کی ہے اور ان کی ٹیم نے گزشتہ ماہ ٹلسا اور اوکلاہوما میں ہونے والے انتخابی جلسوں میں ینگ کے دو نغمے 'راکن  ان دی فری ورلڈ' اور 'ڈیولزسائڈ واک' بجائے تھے۔

نیل ینگ نے اس سلسلے میں تین جولائی کو بھی بطور احتجاج اپنی ویب سائٹ ''نیل ینگ ارکائیوز''  پر لکھا تھا کہ '' ذرا تصور کیجیے کہ صدر کے خطاب کے فوراً بعد 'راکن، ان دی فری ورلڈ' نغمہ سننے سے ایسا محسوس ہوگا جیسے یہ ان کی خود کی تھیم ہو۔ میں نے اسے اس کے لیے نہیں لکھا تھا۔'' نیل نے اپنی عرضی میں کاپی رائٹ کی مبینہ خلاف ورزی کے لیے ڈیڑ لاکھ ڈالر کے جرمانے کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کی ذمہ دار ٹیم نے ابھی اس مقدمے کے سلسلے میں کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ ینگ نے اس سلسلے میں سب سے پہلے 2015 میں اس وقت اعتراض کیا تھا جب ٹرمپ نے پہلی بار صدارتی انتخاب کے لیے مہم شروع کی تھی۔ اس وقت ٹرمپ کی انتخابی  ٹیم نے مقبول ترین نغموں اور موسیقی کو الیکشن میں استعمال کرنے کے لیے 'امریکن سوسائٹی آف کمپوزرس' اور 'براڈ کاسٹ میوزک' جیسے کئی اداروں سے معاہدہ کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔

Neil Young
تصویر: Imago/ZumaPress/J. Moore

نیل ینگ کے اس مقدمے کے ساتھ ہی امریکا میں فنکاروں کی تنظیم 'آرٹسٹس رائٹس الائنس' نے بھی ایک خط لکھا ہے جس میں سیاست دانوں سے کہا گیا ہے کہ انہیں اپنی ریلیوں یا انتخابی جلسوں میں نغموں کو استعمال کرنے سے پہلے اس کی اجازت لینی چاہیے۔ اس مکتوب پر مائیک جیگر، کیتھ رچرڈز، ایلٹن جان، مائیکل اسٹائٹ، شیرلی کرو اور لیونل رچی جیسے معروف فنکاروں نے دستخط کیے ہیں۔

اس کھلے خط میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ سیاسی پلیٹ فارم پر اس طرح کے نغموں کے بلا اجازت استعمال سے جہاں مداح مایوس اور کنفیوز ہو سکتے ہیں وہیں طویل وقفے کے لیے فنکار کی آمدنی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

 معروف راک موسیقار ٹام پیٹی کے اہل خانہ ٹرمپ کی انتخابی ٹیم کو اس سلسلے میں پہلے منع کر چکے ہیں اور نوٹس بھیج کر کہا ہے کہ وہ ان کے نغمے استعمال کرنے سے باز رہیں۔  ٹام پیٹی کا بھی ایک نغمہ 'آئی وؤنٹ بیک ڈاؤن' ٹلسا کے انتخابی جلسے میں بجایا گیا تھا۔ 

اس سلسلے میں پیٹی کے اہل خانہ نے ایک بیان میں کہا تھا، ''ٹرمپ کو کسی بھی طرح سے اپنی انتخابی مہم کو آگے بڑھانے کے لیے اس نغمے کو استعمال کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے، جس سے بہت سارے امریکی آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے رہ جائیں گے۔ ٹام پیٹی کبھی نہیں چاہیں گے کہ ان کا کوئی گیت نفرت کی مہم میں استعمال کیا جائے۔ وہ لوگوں کو جوڑنا اور انہیں ایک ساتھ لانا پسند کرتے تھے۔'' 

سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے بھی سن 2000 میں اپنی انتخابی مہم کے لیے ٹام پیٹی کے اسی نغمے کواستعمال کیا تھا، اس وقت وہ با حیات تھے اور انہوں نے اس پر سخت اعتراض کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ایڈیل، ریحانہ اور مائک جیگر جیسے دیگر معروف امریکی موسیقار بھی اس بات سے ناراض ہیں کہ ٹرمپ کی ٹیم ان کے گانے استعمال کر رہی ہے اور وہ بھی اس کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کرنے والے ہیں۔ 

رولنگ اسٹونز نے بھی ٹرمپ کی ٹیم کے خلاف مقدمہ درج کرنے دھمکی دی ہے۔ ٹلسا کے انتخابی جلسے میں ان کا معروف نغمہ 'یو کانٹ آلویز گیٹ واٹ یو وانٹ'  بجایا گیا تھا۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ انتخابی ریلیوں میں اس طرح کے مقبول ترین نغموں کے بجائے جانے پر کیا واقعی سخت قانونی کارروائی ہوسکتی یا نہیں ہے۔ بعض قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے جلسوں میں کسی فنکار کے صرف گانا بجانے سے یہ بات ثابت نہیں ہوتی کہ وہ فنکار بھی اس سیاست داں کا حامی اور اس کے نظریے کی حمایت کرتا ہے۔ 

ص ز/ ج ا

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں