1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گلیلیو نیویگیشن نیٹ ورک کے لیے دو مزید سیٹلائٹس

19 اگست 2014

یورپی خلائی تحقیقی ادارہ جمعرات 21 مارچ کو اپنے گلیلیو نیویگیشن سسٹم کے لیے مزید دو سٹیلائٹس خلاء میں بھیج رہا ہے۔ اس طرح زمین کے گرد گردش کرتے اس نیٹ ورک کے سیٹلائٹس کی تعداد چھ ہو جائے گی۔

https://p.dw.com/p/1Cx35
تصویر: picture-alliance/dpa

ان دو نئے سیٹلائٹس کے اپنے مدار میں پہنچنے کے لیے لمبے عرصے سے تعطل کا شکار گلیلیو نیوی گیشن سسٹم آپریشنل ہونے کے مزید قریب ہو گیا ہے۔

یہ دو سیٹلائٹس جمعرات کے روز عالمی وقت کے مطابق 12:31 پر جنوبی امریکا میں واقع فرنچ گوائیانا میں قائم اسپیس سینٹر سے روانہ کیے جائیں گے۔ یورپین اسپیس ایجنسی ESA کے مطابق ان سیٹلائٹس کو ایک روسی سویوز راکٹ اپنے مدار میں پہنچائے گا۔ زمین سے روانہ ہونے کے بعد 23,500 کلومیٹر کی بلندی پر یہ سیٹلائٹس چار گھنٹے سے کچھ کم وقت پر اپنے مدار میں پہنچ جائیں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں سیٹلائٹس رواں برس موسم خزاں یعنی ستمبر سے نومبر کے دوران کام کا آغاز کر دیں گے۔

گلیلیو نیویگیشن نظام کے پہلے دو سیٹیلائٹس اکتوبر 2011ء میں اپنے مدار میں پہنچائے گئے تھے
گلیلیو نیویگیشن نظام کے پہلے دو سیٹیلائٹس اکتوبر 2011ء میں اپنے مدار میں پہنچائے گئے تھےتصویر: picture-alliance/dpa

امریکا کے گلوبل پوزیشننگ سسٹم GPS اور روس کے نیویگیشن نظام گلوناس کا حریف گلیلیو کانسٹیلیشن نظام حتمی طور پر 27 سیٹلائٹس پر مشتمل ہو گا۔ یہ نظام ایک طرح سے بیک اپ کے طور پر بھی تیار کیا جا رہا ہے کہ اگر امریکی جی پی ایس یا گلوناس کے سگلنلز کسی وجہ سے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں تو اس نظام کو استعمال کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ اس نظام کو کسی قدرتی آفت کے نتیجے میں تلاش اور امدادی کاموں میں مدد کے لیے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔

گلیلیو نیویگیشن نظام کے پہلے دو سیٹیلائٹس اکتوبر 2011ء میں اپنے مدار میں پہنچائے گئے تھے جبکہ دو مزید سیٹلائٹس بھی اُسی برس کے آخر میں خلاء میں پہنچا دیے گئے تھے۔

رواں ہفتے بھیجے جانے والے سیٹلائٹس جنہیں SAT 5 اور SAT 6 کا نام دیا گیا ہے، طے شدہ شیڈول کے مطابق ایک برس قبل بھیجے جانے تھے تاہم یورپین اسپیس ایجنسی کے مطابق تکنیکی وجوہات کی بناء پر ان کو مدار میں بھیجنے میں تاخیر ہوئی۔ 2013ء میں اس نظام کے کُل چار سیٹلائٹس خلاء میں بھیجے جانے تھے۔ گزشتہ برس کے لیے شیڈول بقیہ دو سیٹلائٹس بھی اب رواں برس کے اختتام تک اپنے مدار میں پہنچا دیے جائیں گے۔

ESA کے مطابق اگلے برس سے ہر سال چھ سے آٹھ سیٹلائٹس کو خلاء میں بھیجنے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔ اس ادارے کی ویب سائٹ کے مطابق اس نظام کی ابتدائی سروسز کا آغاز 18 سیٹلائٹس خلاء میں پہنچنے کے بعد شروع ہو جائے گا جو شیڈول کے مطابق رواں دہائی کی وسط تک متوقع ہے۔ اس شیڈول کے مطابق رواں دہائی کے اختتام تک تمام 27 سیٹلائٹس کو خلاء میں پہنچا دیا جائے گا اور گلیلیو نیویگیشن نظام اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کام شروع کر دے گا۔

گلیلیو نظام کی کُل مالیت 5.4 بلین یوروز ہے جس کے لیے تمام تر فنڈنگ یورپین کمیشن نے فراہم کی ہے۔