گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ، دو حملہ آور ہلاک
20 مارچ 2024پاکستان کے شورش زدہ صوبے بلوچستان میں گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
بُدھ کو مقامی میڈیا کی رپورٹوں میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے دو حملہ آور ہلاک ہو گئے ہیں مزید یہ کہ اس سے قبل اس جگہ ایک دھماکہ بھی ہوا۔
گوادر کے ڈپٹی کمشنر اور پولیس نے فوری طور پر ان خبروں پر تبصرہ کی درخواستوں کا کوئی فوری جواب نہیں دیا۔
گوادر پاکستان کا تجارتی لحاظ سے ایک اہم شہر سمجھا جاتا ہے۔ یہ ملک کے لیے بحیرہ عرب میں تیل کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے۔ گوادر سے منسلک گہرے پانی کی یہ بندرگاہ ملٹی بلین چین پاکستان اکنامک کوریڈور (CPEC) کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ اس پراجیکٹ میں سڑکیں اور توانائی کے منصوبے بھی شامل ہیں اور یہ چینی صدر شی جن پنگ کا بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا حصہ ہیں۔
چینی اہداف اس سے قبل بھی حملوں کی زد میں آتے رہے ہیں۔ گزشتہ اگست میں مسلح افراد نے گوادر میں چینی کارکنوں کے ایک قافلے پر حملہ کیا تھا جس کی ذمہ داری کا دعویٰ علیحدگی پسند بلوچستان لبریشن آرمی نے کیا تھا۔