گوانتانامو سے چار قیدیوں کی فوری سعودی عرب منتقلی کا اعلان
5 جنوری 2017اس فیصلے کو اس کیمپ کے قیدیوں کی تعداد میں کمی کے سلسلے میں موجودہ امریکی صدر باراک اوباما کی جانب سے اپنے دورِ صدارت کے آخری اقدامات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز نے امریکی حکام کی جانب سے بدھ کو کیے جانے والے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ بیس جنوری کو آئندہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری سے پہلے پہلے گوانتانامو بے سے اُنیس قیدیوں کو کم از کم چار مختلف ملکوں میں منتقل کر دیا جائے گا، جن میں اٹلی، عمان اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ان منتقلیوں کے بعد بھی گوانتانامو بے میں چالیس کے قریب قیدی باقی رہ جائیں گے۔ واضح رہے کہ صدر باراک اوباما ہمیشہ اس عزم کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ وہ کیوبا میں امریکی نیوی کے ایک اڈے پر قائم اس متنازعہ حراستی کیمپ کو بند کر دیں گے۔ اوباما کے بعد صدر کے عہدے پر آنے والے ٹرمپ نے اس کیمپ کو برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
روئٹرز کے مطابق اوباما انتظامیہ نے گزشتہ مہینے ہی کانگریس کو ان قیدیوں کی منتقلی کے پروگرام سے آگاہ کر دیا تھا۔ جن اُنیس قیدیوں کو منتقل کیا جا رہا ہے، وہ اُن تئیس قیدیوں میں شامل ہیں، جنہیں ابتدائی سماعت کے بعد اس قدر ’محفوظ‘ قرار دیا گیا تھا کہ اُنہیں دوسرے ملکوں میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔
منگل کے روز ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے اس خیال کا اظہار کیا تھا کہ اُن کے خیال میں گوانتانامو بے میں موجود تمام قیدیوں کو بدستور حراست میں رکھا جانا چاہیے گو بہت سی ایجنسیاں اپنی رپورٹوں میں ان میں سے کئی ایک قیدیوں کے بارے میں یہ کہہ چکی ہیں کہ اُنہیں کہیں اور بھیجا جا سکتا ہے۔ اپنی ایک ٹویٹ میں ٹرمپ نے لکھا:’’ گِٹمو (گوانتانامو) سے مزید کوئی قیدی رہا نہیں کیے جانے چاہییں۔ یہ بہت ہی خطرناک لوگ ہیں اور انہیں واپس میدانِ جنگ میں جانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔‘‘
وائٹ ہاؤس کی جانب سے ٹرمپ کے اعتراضات کو مسترد کر دیا گیا اور کہا گیا کہ گوانتانامو سے قیدیوں کی منتقلی کا عمل ٹرمپ کے اپنا عہدہ سنبھالنے تک جاری رہے گا۔
یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ جن چار قیدیوں کو سعودی عرب منتقل کیا جا رہا ہے، اُن کا تعلق کس ملک یا کن ملکوں سے ہے۔ گزشتہ سال اپریل میں واشنگٹن اور ریاض حکومتوں کے مابین طویل مذاکراتی عمل کے بعد طے ہونے والی ایک ڈیل کے تحت گوانتانامو سے یمن سے تعلق رکھنے والے نو قیدیوں کو سعودی عرب منتقل کیا گیا تھا۔
اِس آخری منتقلی سے پہلے گوانتانامو میں قیدیوں کی تعداد اُنسٹھ تھی۔ ان میں سے دَس ایسے ہیں، جنہیں گیارہ ستمبر 2001ء کے دہشت پسندانہ حملوں کے الزام میں ملٹری کمیشنز کے سامنے مقدمات کا سامنا ہے۔ تقریباً دو درجن قیدی ایسے ہیں، جن پر کوئی فرد جرم تو عائد نہیں کی گئی ہے تاہم اُن کے بارے میں یہ کہا گیا ہے کہ وہ اس قدر خطرناک ہیں کہ اُنہیں رہا نہیں کیا جا سکتا۔
جب 2009ء میں اوباما نے صدر کا عہدہ سنبھالا تھا تو گوانتانامو میں قیدیوں کی تعداد 242 تھی۔ اوباما اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود کانگریس میں ری پبلکن ارکان کی زبردست مخالفت کی وجہ سے اس کیمپ کو بند کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔