1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گورکھا گروپ کے ساتھ بھارتی حکومت کا معاہدہ

19 جولائی 2011

بھارت کے شمال مشرقی علاقے دارجیلنگ میں علیحدگی پسندی کی تحریک کے خاتمے کے سلسلے میں نئی دہلی حکومت نے سرگرم گورکھا گروپ کے ساتھ وسیع تر خود مختاری کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/11z7N
تصویر: DW

نئی دہلی حکومت نے جس گورکھا گروپ کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دی ہے اس کا نام گورکھا جن مُکتی مورچہ ہے۔ اس گروپ کو انگریزی میں گورکھا پیپلز فریڈم فرنٹ یا GJM کہا جاتا ہے۔ اس معاہدے کے تحت دارجیلنگ ضلع کے لیے ایک خودمختار حکومت کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ہونے والا معاہدے پر فریقین نے دستخط سُکھنا نامی پہاڑی قصبے میں کیے۔

Darjeeling Unruhen Indien
دارجیلنگ میں ہڑتال کے بعد بازار بند ہو جاتے تھےتصویر: DW

دستخط کی تاریخی تقریب میں مرکزی حکومت کے وزیر داخلہ پلانی اپن چدمبرم، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی اور گورکھا پیپلز فریڈم فرنٹ کے سربراہ بمل گورونگ بھی موجود تھے۔ اس معاہدے کے تحت جو نیا خود مختار علاقہ معرض وجود میں آئے گا اس کا نام گورکھا لینڈ علاقائی انتظامیہ ہو گا۔ اس کے لیے منتخب کی جانے والی اسمبلی میں پیینتالیس اراکین ہوں گے اور پانچ کو نامزد کیا جائے گا۔ دستخط کی تقریب کے بعد وزیر داخلہ چدمبرم نے معاہدے کی تفصیلات میڈیا کو بتائیں۔

معاہدے کے تحت گورکھا پیپلز فریڈم فرنٹ کو کئی معاملات پر مکمل کنٹرول ہو گا۔ ان میں پبلک ورکس، سیاحت، سوشل ویلفیئر، زراعت اور صحت عامہ کے محکمے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ درمیانی سطح کے حکومتی ملازمین کی تعیناتی بھی اسی فرنٹ کے پاس ہو گی۔ اس کے علاوہ اسکولوں اور کالجوں میں ٹیچرز بھی GJM تعینات کرے گا۔اس معاہدے کے تحت مقامی انتظامیہ کو علاقائی ترقی کے لیے اگلے تین سالوں کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے چھ ارب روپوں کی امداد بھی دی جائے گی۔

Darjeeling Unruhen Indien
دارجیلنگ میں سکیورٹی دشستوں اور مظاہرین کے درمیان کشمکش چلتی رہتی ہےتصویر: DW

گورکھا علاقے کی خودمختاری کے لیے تحریک سن 1980 کی دہائی میں شروع ہوئی تھی۔ اس تحریک میں تشدد کا عنصر بھی شامل رہا۔ مسلح تحریک کے دوران ایک ہزار کے قریب افراد موت کے منہ میں گئے۔ سن 1988 میں گورکھا ہِل کونسل کے قیام سے تحریک میں کمزوری پیدا ہوئی تھی لیکن پانچ سال بعد گورکھا لینڈ کی تحریک نے پھر سر اٹھا لیا تھا۔

تازہ معاہدے پر بھی بعض گورکھا شدت پسندوں نے مخالفت کا اظہار کیا ہے۔ ان گروپوں نے دارجیلنگ اور ملحقہ علاقوں میں دو روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں