1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوگل کی نئی سہولت ’پلس ون‘

31 مارچ 2011

گوگل اپنے صارفیں کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کروا رہا ہے، جس کا نام ’پلس ون‘ رکھا گیا ہے۔ گوگل کی اس نئی سروس کا مقصد انٹرنیٹ دنیا کی بے تاج بادشاہ سوشل ویب سائٹ فیس بک کو مات دینا ہوسکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/10lDl

دنیا کے نمبر ایک سرچ انجن گوگل پر جب کوئی صارف اپنی مطلوبہ معلومات تلاش کرے گا تو سرچ رزلٹ کے ساتھ اب ایک نیا بٹن دکھائی دیا کرے گا، جس کا نام ’+1‘ رکھا گیا ہے۔ اس نئی سہولت کی بدولت اب گوگل صارفین کسی بھی ویب سائٹ کی ریٹنگ پر اثر انداز بھی ہو سکتے ہیں۔

اس نئے فیچر کا مقصد نہ صرف حریف ویب سائٹ فیس بک کو مات دینا ہے بلکہ گوگل صارفین کے لیے یہ سہولت پیدا کرنا بھی ہے کہ وہ جان سکیں کہ کونسی ویب سائٹ کس قدر فائدہ مند ہے اور لوگ اسے کس قدر پسند کرتے ہیں۔

Symbolbild Facebook Die Schatten von Jugendlichen mit einem Laptop
فیس بک کے اس وقت پانچ سو ملین صارفین ہیںتصویر: picture alliance/dpa

اس نئے فیچر کی مدد سے گوگل صارفین مخصوص نتائج سے اپنے دوستوں کو بھی فوری طور آگاہ کر سکیں گے۔ تاہم یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس فیچر کی مدد سے گوگل ویب سائٹ رینکنگ پر بھی اثر پڑے گا۔ اس فیچر کی مدد سے گوگل سرچ انجن میں وہی ویب سائٹس ٹاپ پر آنے میں کامیاب ہو سکیں گی، جن کی شہرت اچھی ہوگی اور صارفین نے ان کے حق میں ووٹ دیا ہو گا۔ ابھی تک گوگل سرچ انجن میں ویب سائٹس کی درجہ بندی ایک مخصوص طریقے سے کی جاتی ہے۔اس سے پہلے دنیا کے مشہور امریکی انٹرنیٹ کمپنی گوگل نے اپنے اکاؤنٹس کے حامل افراد کے لیے ایک نیا سوشل نیٹ ورکنگ ٹول ’بز‘ بھی متعارف کروایا تھا۔ ’بز‘ نامی اس سروس کا مقصد فیس بک اور ٹوئیٹر اور دیگر نیٹ ورکنگ سائٹس کی طرز پر صارفین کو معلومات کے فوری تبادلے کی سہولت فراہم کرنا تھا۔

انٹر نیٹ دنیا کی دنیا کی دو معروف ترین سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس فیس بک اور ٹوئیٹر بھی صارفین کو اپنی طرف مائل کرنے کی بھر پور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 2004ء میں شروع ہونے والی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک کے اس وقت پانچ سو ملین صارفین ہیں۔ گوگل کی حالیہ سروس کو اس کمپنی کے حریفوں کی مقبولیت میں تیزی سے اضافے کے بعد گوگل کی جانب سے اپنی مقبولیت برقرار رکھنے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

معلومات کے دروازے کے طور پر مشہور گوگل انجن کو گزشتہ برس 29 بلین ڈالر کی آمدنی حاصل ہوئی تھی۔ اس آمدنی کا سب سے اہم ذریعہ اشتہارات تھے۔ اب ایڈورٹائزمنٹ کمپنیوں کی ایک بڑی تعداد فیس بک کا رخ کررہی ہے، جس سے گوگل سرچ انجن کی آمدنی میں کمی کا خدشہ ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں