ہاتھیوں کا سونڈ سے چھڑکاؤ اچھا یا آموں پر آرام کرتی عورتیں؟
تھائی لینڈ میں سیاحوں پر اپنی سونڈ سے پانی چھڑکتے ہاتھیوں سے لے کر بھارت میں آموں کے ڈھیر پر آرام کرتی مزدور عورتوں تک وہ سب جو اہم ہونے کے باوجود گزشتہ ہفتے خبروں کی زینت نہ بن سکا۔
سونڈ سے پانی چھڑکتے ہاتھی
تھائی لینڈ کے صوبے آیوتھیہ میں سالانہ ’شُونگ کران واٹر فیسٹیول‘ کا آغاز خوبصورت رنگوں سے سجے ہاتھیوں نے سیاحوں پر اپنی سونڈ سے پانی چھڑک کر کیا۔
جنوبی کوریا میں گوتم بدھ کی سالگرہ
گوتم بدھ کی سالگرہ کی تقریبات سے کچھ پہلے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سئیول کے ایک مندر میں ایک شخص اپنے نام کے کارڈ کے ساتھ اپنی دعا ایک روایتی ’لوٹس لالٹین‘ کے ساتھ باندھ رہا ہے۔
نیپال میں موت کا کنواں
نیپالی نئے سال کی تقریبات کے موقع پر ایک کرتب دکھانے والا نیپال کے شہر بھکتا پور میں سجے ایک میلے کے دوران موت کے کنویں میں موٹر سائیکل چلا رہا ہے۔
ہنگری کی حسینائیں اور پانی کی بالٹیاں
ہنگری کے علاقے سینا میں مرد، نوجوان لڑکیوں پر پانی پھینک رہے ہیں۔ یہ یہاں روایتی ایسٹر کی رسومات کا ایک حصہ ہے۔
ساحل سمندر پر مصلوب
میکسیکو میں کَنکون کے ساحل پر ہر سال ایسٹر کے ’گڈ فرائیڈے‘ کے موقع پر یسوع مسیح کے مصلوب ہونے کی یاد میں اِس عمل کا سوانگ بھرا جاتا ہے۔ یہ بھی یہاں ایسٹر کی روایتی رسومات میں سے ایک رسم ہے۔
اسپین میں رومن ٹانگیں
شمالی اسپین کے علاقے بالمیسیدا کے گاؤں باسک میں مقامی لوگ ایسٹر کے موقع پر ’وِیا کروسِس‘ کے عمل کو دوبارہ پیش کرتے ہوئے رومن فوجیوں جیسا بھیس بدلتے ہیں۔
فرانس میں مارچوب کی سدا بہار بوٹی
مشرقی فرانس کے علاقے ڈوپِگ ہائیم میں ایک بائیولوجیکل فیلڈ میں مارچوب کی بوٹی زمین سے باہر جھانک رہی ہے، یعنی یہ اب کاشت کے لیے تیار ہے۔ مارچوب کو سبزی کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
بھارت میں آموں پر آرام
تھکی ہاری بھارتی مزدور خواتین بھارت کے شہر حیدر آباد کے مضافات میں ایک فروٹ منڈی میں ٹرکوں سے آم اتارنے کے بعد انہی پر لیٹ کر آرام کر رہی ہیں۔
کیچڑ میں مزا
شمالی آئر لینڈ کے پورٹاڈاؤن کے علاقے میں ریس میں حصہ لینے والے ایک گروپ نے مستی میں کیچڑ سے بھرے ایک گڑھے میں چھلانگ لگا دی۔ اس ریس کے شرکاء کو پچیس رکاوٹیں عبور کرنا پڑتی ہیں۔
شمالی کوریا کے فوجی افسر
تصویر میں نظر آنے والے فوجی افسران معمول سے زیادہ سنجیدہ دکھائی دے رہے ہیں۔ دراصل یہ افسر شمالی کوریا کے بانی کم اِل سنگ کی 105ویں سالگرہ سے ایک دن قبل اُن کی جائے پیدائش کا دورہ کر رہے تھے۔
ڈبلن میں آئرش رقص
آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں ایک رقاصہ ڈانس کے عالمی مقابلے سے پہلے اسٹیج کے پیچھے ریہرسل کر رہی ہے۔