1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالی وُڈ فلم ’’اَوتار‘‘ کی ریکارڈ کامیابی

28 دسمبر 2009

امریکی سنیما گھروں نے کرسمس کے وِیک اَینڈ پر تقریباً 300 ملین ڈالر کا بزنس کیا، جن میں سے پورے 75 ملین ڈالر کا بزنس سائنس فکشن فلم ’اَوتار‘‘ نے کیا۔ کاروباری اعتبار سے اِس فلم سے بڑی امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/LFcz
تصویر: 20th Century Fox

اب تک کسی فلم نے افتتاحی وِیک اَینڈ پر پچھتر ملین ڈالر کا بزنس نہیں کیا۔ 300 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والی یہ فلم اپنی ریلیز کے بعد پہلے دَس روز کے اندر اندر امریکہ ا ور کینیڈا میں 212 ملین ڈالر سے زیادہ کا بزنس کر چکی ہے۔ دُنیا بھرمیں اِس فلم کو حاصل ہونے والی اب تک کی آمدنی کا اندازہ 468 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔

Filmszene Avatar
یہ پہلی تھری ڈائی مینشنل فلم ہے، جس میں کیمرےسے اُتری تصاویر اور کمپیوٹر سے تخلیق کئے گئے کرداروں کو یکجا کیا گیا ہے۔تصویر: 2009 Twentieth Century Fox

سوال اب یہ کیا جا رہا ہے کہ کیا یہ فلم کاروباری کامیابی کے اعتبار سے اب تک کی کامیاب ترین فلم "Titanic" کو پیچھے چھوڑ دے گی؟ دُنیا بھر میں چھ سو ملین ڈالر سے زیادہ کا بزنس کرنے والی اور گیارہ آسکر ایوارڈز جیتنے والی فلم "Titanic" کے ہدایتکار بھی جیمز کیمرون تھے اور اِس نئی سہ جہتی سائنس فکشن فلم ’’اَوتار‘‘ کی ہدایات بھی اُنہوں نے ہی دی ہیں۔

کامیابی کے اعتبار سے برطانوی ہدایتکار گائی رِچی کی فلم ’’شرلاک ہومز‘‘ دوسرے نمبر پر رہی۔ یہ فلم امریکی سنیماؤں میں اب تک 65 ملین ڈالر کا بزنس کر چکی ہے۔ اِس میں مشہور سراغ رساں کا مرکزی کردار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر نے ادا کیا ہے۔ کارٹون فلم «"Alvin and the Chipmunks"» تیسرے نمبر پر رہی۔

Regisseur James Cameron
جیمز کیمرون ہی نے فلم "Terminator" کی بھی ہدایات دی تھیں۔تصویر: AP

جہاں ایک طرف ہدایتکار جیمز کیمرون کی تازہ فلم ’’اَوتار‘‘ فلم شائقین میں مقبول ہوئی ہے، وہاں خود اُنہیں ’’واک آف فیم‘‘ میں اُن کے نام کے سٹار کا اعزاز دیا گیا ہے۔ 55 سالہ کیمرون نے کہا کہ اِس اعزاز کا حصول اُن کے لئے ایک ’’زبردست احساس‘‘ کا باعث بنا ہے۔

اِس تقریب کے موقع پر اُن کے کوئی دو سو پرستاروں اور متعدد فلمی شخصیات کے ساتھ ساتھ کیلیفورنیا کے موجودہ گورنر آرنولڈ شوارسن اَیگر بھی شامل تھے۔ شوارسن اَیگر کے ساتھ کیمرون نے نہ صرف ’’ٹرمینیٹر‘‘ فلموں کا سلسلہ تخلیق کیا بلکہ اُن کی اداکاری سے سجی فلم ’’ٹرُو لائیز‘‘ کے ہدایتکار بھی جیمز کرون ہی تھے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: گوہر نذیر گیلانی