ہالی وڈ: باکس آفس اپ ڈیٹ
1 اگست 2011’کاؤ بوائے اینڈ ایلیئنز‘ ہنگامہ خیز ایکشن سے بھری بڑے بجٹ کی فلم ہے۔ اس پر ایک اندازے کے مطابق 163 ملین ڈالر لاگت آئی اور اس کی کاسٹ میں ہالی وڈ کے بڑے نام ہیریسن فورڈ اور ڈینیئل کریگ شامل ہیں۔ کریگ برطانوی تھیٹر کا جانا مانا نام ہے اور وہ ہالی وڈ میں جیمز بانڈ کے کردار میں بھی جلوہ گر ہوچکے ہیں۔ فورڈ ایک منجھے ہوئے امریکی اداکار ہیں جو انڈیانا جونز سے اب تک کئی شہرہ آفاق فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
’کاؤ بوائے اینڈ ایلیئنز‘ کی کہانی زمین پر خلائی مخلوق کے قبضے کی کوشش اور ان کی راہ میں چٹان بن جانے والے کاؤ بوائیز کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ 19ویں صدی میں امریکی ریاست ایریزونا کے قریب ایک خلائی طشتری اترتی ہے، جس میں سے خلائی مخلوق نکل کر اپنی کارروائیوں کا آغاز کرتی ہے۔ سینما ہالز میں ہالی وڈ کی فلموں کی کارکردگی پر نظر رکھنے والے ادارے Exhibitor Relations کے مطابق اس فلم نے نمائش کے پہلے ہفتے میں 36 ملین ڈالر کما لیے تھے۔
قریباً اتنی ہی رقم ’دا سمرفس‘ نامی اینیمیٹڈ فلم نے بھی پہلے ہفتے میں کمائی۔ یہ فلم نیلی رنگت، سفید ٹوپی اور چھوٹی جسامت والی اس مخلوق سے متعلق ہے، جنہیں پہلی بار بیلجیئم کے ایک فنکار نے 50 برس قبل تخلیق کیا تھا۔ بعض سینما ہالز میں یہ فلم سہہ جہتی پردے یا3Dپر دکھانے کے انتظامات بھی کیے گئے تھے، جس کے سبب اس کی مقبولیت کا گراف مزید بلند ہوا۔
اسی طرح گزشتہ ہفتے ہیری پوٹر سلسلے کی نئی فلم Harry Potter and the Deathly Hollows - Part 2 کے مقابلے میں Captain America: The First Avenger کو زیادہ لوگوں نے دیکھا۔ اندازے کے مطابق ان دونوں فلموں نے گزشتہ ہفتے کے دوران بالترتیب 24.9 اور 21.9 ملین ڈالر کا کاروبار کیا۔ ہیری پورٹر سلسلے کی یہ نئی فلم جولائی کے اوائل میں ریلیز کی گئی تھی.
بالغ افراد کے لیے مزاحیہ کہانی کے سانچے میں ڈھالی گئی فلم Crazy, Stupid, Love کو بھی خاصا پسند کیا گیا جس کے حصے میں 19.3 ملین ڈالر آئے۔ اس فلم میں سٹیو لرنز اور جولیانا مور نے زندگی کا رنگ بھرا ہے۔ وارنر برادرز پراڈکشن میں مقامی سطح پر فلموں کی خرید و فروخت کے معاملات دیکھنے والے ڈین فیلمن کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر حیرت زدہ ہیں کہ کیسے فلمیں ریلیز ہونے کے فوری بعد اتنی بڑی رقم کمالیتی ہیں۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: شامل شمس