1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالینڈ اور کوسٹاریکا کوارٹر فائنل میں، جرمنی کا مقابلہ آج

عاطف بلوچ30 جون 2014

فیفا ورلڈ کپ کے ایک کوارٹر فائنل مقابلے میں آج بروز پیر جرمنی اور الجزائر کی ٹیمیں مد مقابل آ رہی ہیں۔ اتوار کو ہالینڈ اور کوسٹا ریکا کی ٹیموں نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1CST5
تصویر: Reuters

فیفا ورلڈ کپ 2014ء کے چھٹے کوارٹر فائنل مقابلے میں آج جرمن فٹ بال ٹیم برازیل کے شہر پورٹو الیگرو میں الجزائر سے نبرد آزما ہو گی۔ یہ میچ عالمی وقت کے مطابق دن چار بجے شروع ہو گا۔ جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان فلپ لاہم نے کہا ہے کہ الجزائر کے خلاف کھیلتے ہوئے ان کی ٹیم کو ثابت کرنا چاہیے کہ وہ اس عالمی کپ کی ایک فیورٹ ٹیم ہے۔

Interaktiver WM-Check 2014 Keyplayer Deutschland Lahm
جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان فلپ لاہمتصویر: picture-alliance/dpa

اتوار کے دن صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لاہم کا کہنا تھا کہ پری کوارٹر فائنل میچ میں جرمن ٹیم بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔ تیس سالہ لاہم کے بقول، ’’ہم ناک آؤٹ اسٹیج پر ہیں۔ یا تو ہمیں پرفارم کرنا ہو گا یا پھر گھر واپس جانا ہو گا۔ لاہم نے مزید کہا کہ جرمن ٹیم کو جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ثابت کرنا ہو گا کہ وہ ایک بہتر یونٹ ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ جرمنی اب تک صرف دو مرتبہ افریقہ کی اس ٹیم کے خلاف میدان میں اترا ہے اور دونوں میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 1982ء کے عالمی کپ میں الجزائر نے جرمنی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی تھی جبکہ 1964 میں کھیلے گئے ایک دوستانہ میچ میں جرمنی دو صفر سے ہارا تھا۔

آج بروز پیر فیفا ورلڈ کپ کے پانچویں پری کوارٹر فائنل مقابلے میں فرانس اور نائجیریا کی ٹیمیں بھی مد مقابل ہوں گی۔ اس میچ میں کامیاب ہونے والی ٹیم جرمنی یا الجزائر کے ساتھ کوارٹر فائنل میچ کھیلے گی۔

کل بروز اتوار تیسرے اور چوتھے کوارٹر فائنل میچوں میں ہالینڈ نے ایک ڈرامائی کھیل کے بعد میکسیکو کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے جبکہ کوسٹا ریکا نے پنلٹی شوٹ آؤٹ پر یونان کو ہرا دیا تھا۔

کوسٹا ریکا اور یونان کے مابین کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ تیس منٹ کے اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم برتری حاصل نہ کر سکی۔ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر کوسٹا ریکا نے یورپی ٹیم یونان کو پانچ تین سے مات دی۔ وسطی امریکا کے اس ملک نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ مقابلوں میں کوارٹر فائنل تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کوسٹا ریکا اب پانچ جولائی کو کوارٹر فائنل میچ میں ہالینڈ کے مد مقابل آئے گا۔

WM 2014 Achtelfinale Niederlande Tor
ڈچ کھلاڑی روبن خوشی مناتے ہوئےتصویر: Reuters

قبل ازیں ہالینڈ کی فٹ بال ٹیم نے ورلڈ کپ جیتنے کی امیدوں کو زندہ رکھا اور میچ کے آخری منٹوں میں دو گول کر کے میکسیکو کو پریشان کر دیا۔ اس میچ میں میکسیکو کی طرف سے سانتوس نے 48 ویں منٹ میں گول کر دیا تھا۔ ڈچ ٹیم کی بھرپور کوشش کے باوجود وہ آخری منٹوں تک گول کرنے میں ناکام رہی۔

ڈچ کھلاڑی ویسلے شنائیڈر نے کھیل کے 88 ویں منٹ میں گول کر کے یہ میچ ایک ایک گول سے برابر کر دیا جبکہ (اسٹاپج ٹائم) میں روبن نے اپنی ٹیم کے لیے پنلٹی کک حاصل کر لی۔ یوں آخری لمحات میں فان ہونٹیلار نے اس پنلٹی کک پر گول کر دیا۔ میسکیکو کی ٹیم اگر اس میچ میں کامیاب ہو جاتی تو وہ اٹھائیس برس بعد پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل مقابلے کے لیے کوالیفائی کرتی۔