1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہانگ کانگ: انتظامیہ کا مظاہرین کو انتباہ

شامل شمس5 اکتوبر 2014

ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹیو لیونگ چن یِنگ نے جمہوریت نواز مظاہرین کو پیر کے روز تک شہر کی بڑی شاہ راہوں کو خالی کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نظم و ضبط بحال کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔

https://p.dw.com/p/1DPts
Hongkong regierung Leung Chun-ying proteste polizei
تصویر: AP

ہفتے کے روز ایک بصری پیغام میں چین کے خصوصی انتظامی علاقے کے سربراہ نے کہا کہ پیر تک حکومت کے مرکزی دفاتر تک جانے والے راستے کھل جانا چاہییں تاکہ سرکاری افسران کام پر واپس لوٹ سکیں اور اسکول بھی دوبارہ کھل سکیں۔

کئی ہفتوں سے ہانگ کانگ میں مظاہرے جاری ہیں۔ یہ مظاہرے ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکیٹو کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔ مظاہرین کا چین کی حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہانگ کانگ کے شہریوں کو سن دو ہزار سترہ میں شہر کا سربراہ جمہوری انداز سے چننے کی اجازت دی جائے۔ چین کی کمیونسٹ پارٹی کی حکومت کے ایک فیصلے کے مطابق شہریوں کے براہ راست ووٹوں کے ذریعے ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکیٹو کا انتخابات تو عمل میں لایا جائے گا تاہم جو امیدوار ان انتخابات میں حصہ لیں گے ان کی حتمی منظوری چینی حکومت کرے گی۔

ہانگ کانگ کے طالب علم اور ’’آکیوپائی سینٹرل‘‘ نامی جمہوریت نواز تنظیم چینی حکومت کے فیصلے کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں جس نے ایشیا کے اس اقتصادی مرکز میں کاروبار اور روز مرہ کی زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔

لیونگ چن یِنگ کے انتباہ سے قبل مظاہرین اور حکومت کے حامیوں میں جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے نتیجے میں کم از کم اٹھارہ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

''آکیوپائی سینٹرل‘‘ کے رہنما بینی ٹائی کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ مظاہرین پر حملہ کرنے والوں کا تعلق جرائم پیشہ گروہوں سے ہو سکتا ہے۔

ہانگ کانگ میں جاری ان مظاہروں کو چین کی حکومت کے لیے انیس سو اسی کی دہائی میں تیانمن اسکوائر کی تحریک کے بعد سب سے بڑا امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔ بیجنگ نے تاحال ہانگ کانگ کے مظاہروں کے حوالے سے براہ راست بات کرنے سے انکار کیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ چینی حکومت اپنا فیصلہ تبدیل کر لے۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ چاہے ان مظاہروں کا نتیجہ جو بھی نکلے، ہانگ کانگ کے شہریوں نے اتنے بڑے پیمانے پر مظاہرے کر کے بہت کچھ حاصل کر لیا ہے۔ ان کی آواز کو وقتی طور پر تو دبایا جا سکتا ہے لیکن زیادہ عرصے کے لیے ان کے مطالبات کر نظر انداز کرنا آسان نہ ہوگا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید