1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہر سال پانچ لاکھ مہاجرین کو قبول کر سکتے ہیں، گابریئیل

عدنان اسحاق8 ستمبر 2015

جرمن نائب چانسلر زیگمار گابریئیل نے کہا ہے کہ جرمنی اگلے کئی برسوں تک مہاجرین کی ایک معقول تعداد کو اپنے ہاں پناہ دے سکتا ہے۔ جرمنی میں ہنگری اور دیگر علاقوں سے تارکین وطن کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/1GTHm
تصویر: Getty Images/J. Koch

جرمن نائب چانسلر زیگمار گابریئیل کے بقول جرمنی اس قابل ہے کہ وہ اگلے کئی برسوں تک ہر سال پانچ لاکھ تک مہاجرین کو قبول کر سکتا ہے۔ زیڈ ڈی ایف نامی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے گابریئیل کا مزید کہنا تھا ’ میرا خیال ہے کہ ہم یقینی طور پر ہر سال نصف ملین مہاجرین تک کے لیے انتظامات کر سکتے ہیں۔‘‘ گابریئیل جرمنی کی مخلوط حکومت میں شامل سوشل ڈیموکیرٹک پارٹی کے سربراہ بھی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ میں اس حوالے سے کسی شک و شبے کا شکار نہیں ہوں شاید اس سے زیادہ تعداد میں بھی ہم تارکین وطن کو قبول کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘‘

اندازوں کے مطابق رواں برس کے دوران آٹھ لاکھ افراد جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرائیں گے۔ یہ تعداد 2014ء کے مقابلے میں چار گنا زیادہ ہے۔ بات چیت کے دوران زیگمار گابریئیل نے زور دے کر کہا کہ دیگر یورپی ممالک کو بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ’’ یورپی یونین کے دیگر ارکان کو بھی جنگ سے متاثرہ افراد کی منصفانہ تقسیم کے فیصلے کی تائید کرنی چاہیے۔‘‘ ان کے بقول جرمنی ہر سال دس لاکھ افراد کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتا اور نہ ہی جرمن معاشرے میں ان کے انضممام کے انتظامات کر سکتا ہے۔

PK Merkel Gabriel zum Umgang mit steigenden Flüchtlingszahlen
تصویر: Reuters/F. Bensch

ان کے مطابق جرمنی پہلے ہی یورپی یونین میں اس معاملے میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کر رہا ہے کیونکہ ’’ ہماری اقتصادی صورتحال بھی مستحکم ہے‘‘۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ یہ امر قابل قوبل نہیں کو یورپی یونین صرف کچھ ممالک پر ہی بھروسہ کیے ہوئے ہے، جن میں جرمنی کے علاوہ سویڈن اور آسٹریا بھی شامل ہیں۔ ’’ اسی لیے میں اس حوالے سے یورپی پالیسی میں اصلاحات پر زور دے رہا ہوں‘‘۔