ہرناز سندھو کون ہیں؟
بھارت کی ہرناز سندھو سال2021 کی مس یونیورس قرار پائی ہیں۔ بالی ووڈ, میں کام کرنے والی ہرناز نے تقریباً 80 امیدواروں کو مات دے کر حسینہ کائنات کا تاج اپنے نام کیا۔ یہ مقابلہ حسن اسرائیل کے شہر ایلات میں منعقد ہوا تھا۔
کون ہیں ہرناز؟
اکیس سالہ ہرناز بھارتی صوبے پنجاب کے شہر چنڈی گڑھ میں پیدا ہوئیں۔ وہیں ان کی پرورش و پرداخت ہوئی۔ وہیں سے انہوں نے اسکول اور کالج کی تعلیم حاصل کی۔
خوداعتمادی سب سے اہم
نوجوان خواتین کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ہرناز سندھو کا کہنا تھا، ''آج کے نوجوانوں پر سب سے بڑا دباؤ ان کی اپنی خود اعتماد ی کا ہے۔ یہ جاننا کہ آپ منفرد ہیں آپ کو خوبصورت بناتا ہے۔ خود کا دوسرے سے موازنہ کرنا بند کیجیے اورزندگی اور ضروری چیزوں کے بارے میں سوچیے۔‘‘
21برس بعد بھارت کی کامیابی
ہرناز سندھو نے بھارت کے لیے 21 برس کے وقفے کے بعد مس یونیورس کا اعزاز جیتا ہے۔ اس سے قبل سن 2000 میں لارا دتہّ اور سن 1994میں سشمتا سین نے مس یونیورس کا خطاب جیتا تھا۔ دونوں بالی ووڈ کی اداکارہ ہیں۔
پیراگوئے دوسرے نمبر پر
پیراگوئے کی نادیہ فریرا حسینہ کائنات کے 70 ویں مقابلے میں دوسرے نمبر پر رہیں۔ جنوبی افریقہ کی لالیلا مسوانے نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جنوبی افریقی حکومت نے فلسطینیوں کی اپیل پر اس پروگرام کی سرکاری طورپر تائید نہیں کی تھی۔
ماڈلنگ بھی اداکاری بھی
ہرناز سندھو ماڈلنگ اور اداکاری کے میدان میں بھی سرگرم ہیں۔ وہ 'یاراں دیاں پو باراں‘ اور ' بائی جی کٹانگے' جیسی پنجابی فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔
پہلے بھی کئی خطاب جیت چکی ہیں
ہرناز سندھو سن 2017 سے حسن کے مقابلوں میں حصہ لیتی رہی ہیں اور کئی خطاب جیت چکی ہیں۔ سن 2017 میں ٹائمس فریش فیس مس چنڈی گڑھ منتخب ہوئی تھی۔ 2019 میں انہوں نے فیمینا مس انڈیا پنجاب کا خطاب جیتا تھا۔ سن 2019 میں ہی فیمینا مس انڈیا مقابلے میں چوٹی کے بارہ امیدواروں میں اپنی جگہ بنائی تھی۔