1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیر ی پوٹر سیریز کی نئی فلم: کامیابی کے نئے ریکارڈ

رپورٹ :عابد حسین ، ادارت: ندیم گِل17 جولائی 2009

ہیری پوٹر سیریز کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ جہاں اِس سلسلے کے ناولوں کو قاریئن کی بے پناہ داد و تحسین ملی وہیں اِس سیریز کے ناولوں پر مبنی فِلمیں بھی شائقین نے بے حد پسند کی ہیں۔ اِس سلسلے کی نئی فلم بے حد کامیاب ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/IrHB
ہیری پوٹر کی نئی فلم میں ڈینئل ریڈکلِف نے نوعمر جادوگر کا کردار ادا کیا ہے۔تصویر: AP

ہالی وُوڈ کی ہیری پوٹر سیریز کی نئی فلم نے سنیما گھروں میں کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔ فلمی اصطلاح میں اِس کامیابی کو یوں بھی کہا جا سکتا ہے کہ اِس فلم کی نمائش سے سنیما گھروں پر سونے چاندی کی برسات شروع ہو گئی ہے۔

ہیری پوٹر سیریز کی چھٹی فلم کو شائقین نے بے پناہ پسند کیا ہے۔ فلم کا نام Harry Potter and the Half-Blood Prince ہے۔ اِس فلم کا اسکرین پلے بھی جے کے رولنگ کی تصنیف کردہ کتاب پر مبنی ہے۔ اِس دلچسپ فلم میں جادوگر بچے کے کمالات کو انتہائی چابکدستی کے ساتھ سیلو لائیڈ کے فیتے پر منتقل کیا گیا ہے۔ فلم میں غیر معمُولی تکنیکی ایفکٹس سے شائقین کو پلک جھپکانے کی مہلت نہیں مل پاتی۔ مجموعی طور پر یہ فلم اُن شاہکار فلموں کے زُمرے نہ شمار کی جائے جو ہالی ووڈ کا نشان ہے لیکن شاندار کمرشل فلموں میں اِس کا نام بلند تسلیم کیا گیا ہے۔ فلم کے پیش کنندہ وارنر برادرز ہیں۔

Harry Potter 2009
ہیری پوٹر فلم کا ایک امیجتصویر: AP

وارنر برادرز کی جانب سےسنیما گھروں سے موصولہ مجموعی آمدنی کے اعداد و شمار کے مطابق ہیری پوٹر سیریز کی نئی فلم نے شمالی امریکہ میں اٹھاون ملین ڈالر سے زائد کا بزنس کیا ہے اور غیر ممالک میں یہ تقریباً چھیالیس ملین ڈالر ہے۔ کینیڈا، امریکہ اور اٹلی میں آدھی رات کے خصوصی شو میں بائیس ملین ڈالر سے زائد کے بزنس کی تصدیقی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ آمدنی کےیہ تمام اعداد و شمار صرف پہلے اور افتتاحی دِن کے ہیں۔ اِس اعتبار سے ہیری پوٹر سیریز کی فلم کو انتہائی زیادہ بزنس کرنے والی فلموں کی درجہ بندی میں چوتھی پوزیشن حاصل ہو گئی ہے۔ پہلی تین فلموں کے نام ہیں:

Harry Potter 2009
ہیری پوٹر سیریز کی نئی فلم سے ایک امیجتصویر: AP

ڈارک نائٹ : سڑسٹھ ملین ڈالر سے زائد بزنس۔ (صرف افتتاحی دِن)

ٹرانسفارمر، ریونج آف دی فالن: باسٹھ ملین سے زائدبزنس۔ (صرف افتتاحی دِن)

سپائیڈر مین پارٹ تین : تقریباً ساٹھ ملین بزنس۔ (صرف افتتاحی دِن)

اِس سے پہلے ہیری پوٹر سیریز کی فلم آرڈر آف دف فینکس نے چوالیس ملین ڈالر کا بزنس دنیا بھر میں اپنے پہلا دِن کیا تھا۔

یہ ایک دلچسپ امر ہے کہ عالمی سطح پر ہالی ووڈ کی پانچ سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں کے پہلے دِن کی آمدن کا حجم ساڑھے چار ارب ڈالر کے قریب ہے۔