1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یمن میں القاعدہ کے قبضے کا خطرہ ہے، امریکہ

5 اپریل 2011

وائٹ ہاؤس نے تنبیہ کی ہے کہ اگر یمن میں پر امن انتقالِ اقتدار نہیں ہوا تو وہاں پیدا ہونے والے خلاء کو القاعدہ پُر کر سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/10nUL
مظاہرین ملک میں معاشی اور سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیںتصویر: picture alliance/dpa

امریکی حکومت کی جانب سے یمن میں اپنے حلیف صدر علی عباللہ صالح کی حمایت سے ہاتھ کھینچنے کے واضح اشارے ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کیرنی نےکہا ہے کہ امریکہ کو اس بات کی تشویش ہے کہ یمن میں جاری سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے وہاں جو خلاء پیدا ہو رہا ہے اس سے القاعدہ اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

قبل ازیں پیرکے روز یمن میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں سترہ مزید مظاہرین کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

کیرنی کے مطابق: ’یہی وجہ ہے کہ ہم سیاسی مذاکرات پر زور دے رہے ہیں تاکہ صدر صالح کی اقتدار سے بے دخلی کا ٹائم ٹیبل طے کیا جا سکے‘۔

Flash-Galerie Der Präsident von Jemen Ali Abdullah Saleh
صدر صالح ملک میں القاعدہ کے خلاف کارروائی میں ایک کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیںتصویر: picture alliance/dpa

وائٹ ہاؤس کی جانب سے یمن کی صورتِ حال پر تبصرہ امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز کی اس رپورٹ کے منظرِ عام پر آنے کے بعد آیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ اوباما انتظامیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے ساتھی صدر صالح سے کنارہ کشی اختیار کرنا شروع کردی ہے اور یہ کہ صدر صالح ملک میں اصلاحات نہیں کر سکتے۔ واضح رہے کہ صدر صالح ملک میں القاعدہ کے خلاف کارروائی میں ایک کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

اوباما انتظامیہ کی کوشش ہے کہ صدر صالح اقتدار ایک عبوری حکومت کے حوالے کردیں جوکہ نائب صدر کے ہاتھ میں ہو۔ اس ضمن میں امریکی حکومت سعودی عرب کی خدمات بھی حاصل کر رہی ہے۔

پیر کے روز یمن میں دارالحکومت صنعاء کے جنوب میں واقع شہر تعز میں سکیورٹی فورسز اور حکومت مخالف مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق اس موقع پر سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین پر فائر کھول دیا، جس کے نتیجے میں17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

خبررساں ادارے روئٹز کا کہنا ہے کہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں، جن میں سے بیشتر آنسو گیس سے متاثر ہوئے ہیں۔ 30 افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 16 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

یمن میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جنوری سے جاری ہے۔ وہاں اب تک ایک سو سے زائد مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق