یورو 2016 کوالیفائنگ راؤنڈ، جرمنی کی جیت
8 ستمبر 2014جرمن اسٹار اسٹرائیکر تھوماس مُلر کی شاندار کارکردگی کی بدولت جرمنی نے اتوار کے دن ڈورٹمنڈ میں کھیلے گئے اپنے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی ہے۔ جرمنی کی طرف سے دونوں گول مُلر نے بالتریب 18ویں اور 70 ویں منٹ میں کیے جب کہ اسکاٹ لینڈ کی طرف سے واحد گول آکیچی آنیا نے 66 منٹ میں کیا۔ یوں گروپ ڈی میں شامل جرمن ٹیم تین پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے کہا، ’’میں ان تین پوائنٹس کے ساتھ مطمین ہوں۔۔۔ مجھے معلوم تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد یہ میچ سخت ہو گا اور اس میچ میں ہمارے بہت سے اہم کھلاڑی حصہ نہیں لے رہے تھے۔‘‘ لوو نے تسلیم کیا کہ بالخصوص دوسرے ہاف میں جرمن ٹیم کے دفاع میں کمزوریاں نظر آئیں۔ تاہم انہوں نے اسے فٹنس کے مسائل سے تعبیر کیا۔
یورو 2016ء کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے میچ میں جرمن ٹیم اپنے نئے کپتان باستیان شوائن اشٹائیگر اور محسوت اوزل سے محروم تھی۔
اتوار کے دن ہی کھیلے گئے گروپ ڈی کے ایک میچ میں پولینڈ کی ٹیم نے جبرالٹر کو سات صفر سے مات دی۔ اس میچ میں اسٹار پولش کھلاڑی لیونڈونسکی نے چار گول کیے۔ اسی گروپ کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں جمہوریہ آئر لینڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جارجیا کی قومی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دے دی۔
گروپ ایف میں شمالی آئرلینڈ نے ہنگری کو ایک دو سے ہرایا جب کہ فن لینڈ نے جزائر فارو کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ اسی گروپ میں اتوار کو کھیلے گئے ایک اور میچ میں رومانیہ نے اپ اسیٹ کرتے ہوئے یونان کو ایک صفر سے مات دے دی۔
یورو کپ 2016ء کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ایک اور اپ سیٹ اس وقت ہوا جب البانیا کی ٹیم نے پرتگال کو ایک صفر سے ہرایا۔ اس میچ میں اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو زخمی ہونے کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے تھے۔ گروپ آئی میں اتوار کو کھیلے گئے ایک اور میچ میں ڈنمارک نے آرمینیا کو ایک صفر سے ہرا دیا۔
یوئیفا یورپی چیمپئن شپ 2016 ء میں فرانس میں منعقد کی جا رہی ہے، جو دس جون تا دس جولائی تک جاری رہے گی۔ اس کپ میں پہلی مرتبہ چوبیس ٹیمیں شرکت کریں گی۔ قبل ازیں یورپی سطح پر انتہائی معتبر اس ٹورنامنٹ میں سولہ ٹیمیں شرکت کرتی تھیں۔