یورو فٹ بال چیمپیئن شپ: میچ کے دوران ماسک پہن کر رکھیں
10 جون 2021یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ گزشتہ برس کھیلی جانی تھی لیکن کورونا وبا کی شدت نے اس کا انعقاد ناممکن بنا دیا تھا۔ مختلف یورپی ملکوں میں پھیلی کووڈ انیس کی بیماری کی وجہ سی اسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔
اب یہ کثیر القومی ٹورنامنٹ جمعہ گیارہ جون سے شروع ہو گا۔ اس چیمپیئن شپ کے نگران ادارے نے کورونا وبا کی وجہ سے مختلف شہروں میں کھیلے جانے والے میچوں میں شائقین کی تعداد کا بھی کوٹہ مقرر کر دیا ہے۔
وبا سے محفوظ رہنا ضروری
یورپی مرکز برائے تحفظِ امراض نے اپنے ایک بیان میں شائقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچنے سے قبل بدن کے ٹمپریچر پر بھی نگاہ رکھیں۔ بخار کی صورت میں میچ دیکھنے سے گریز کیا جائے۔ اسٹیڈیم میں شائقین کو ماسک لگا کر میچ دیکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔
جرمن بنڈس لیگا کا منفی ریکارڈ: ’بدنام جو ہوں گے تو کیا نام نا ہو گا‘
اس ادارے نے یہ بھی کہا کہ ناکافی احتیاطی اقدامات کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں شائقین کی شرکت مختلف ملکوں میں کورونا وبا میں پیدا شدہ کمی کی صورت حال کو تبدیل کر سکتی ہے اور بیمار افراد میں اضافے کا امکان ہے۔ اس کا اندازہ لگایا گیا ہے کہ مختلف شہروں میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کے میچوں کو دیکھنے پانچ لاکھ کے قریب شائقین اسٹیڈیمز پہنچیں گے۔
مختلف اسٹیڈیم اور شائقین کی تعداد
مختلف ممالک میں کورونا وبا کی صورت حال کے تناظر میں اسٹیڈیم میں شائقین کی محدود تعداد کی ہی اجازت دی گئی ہے۔ ہنگری کے دارالحکومت بوڈا پیسٹ میں واقع اسٹیڈیم کو بھرنے کی اجازت ہے تو روس کے سینٹ پیٹرزبرگ اور آذربائیجانی دارالحکومت باکو کے اسٹیڈیمز میں گنجائش کا نصف مقرر کیا گیا ہے۔
بطور احتجاج جرمن فٹبال کھلاڑیوں کا برہنہ حالت میں میچ
مختلف یورپی شہروں، مثال کے طور پر ایمسٹرڈیم، بخارسٹ، کوپن ہیگن، گلاسگو اور روم کے اسٹیڈیمز میں گنجائش کے مطابق صرف پچیس سے پینتالیس فیصد شائقین داخل ہو سکیں گے۔
جرمن شہر میونخ کے اسٹیڈیم میں صرف بائیس فیصد شائقین ٹکٹ خرید سکیں گے۔ لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم کو پچیس فیصد شائقین داخل کرنے کی اجازت ہو گی۔ ویمبلی میں فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ کو بھی صرف پچیس فیصد شائقین میدان میں بیٹھ کر دیکھ سکیں گے۔
وبا سے یورپی فٹ بال کلبوں کو اربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا
یورو ٹوئنٹی ٹوئنٹی
یورپی اقوام کے درمیان کھیلا جانے والا یہ ٹورنامنٹ ورلڈ کپ کے بعد سب سے معتبر تصور کیا جاتا ہے۔ رواں برس اس میں کل چوبیس ملکوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان ملکوں کو چھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ میں چار ٹیمیں قرعہ اندازی سے رکھی گئی ہیں۔
جرمنی گروپ ایف میں ہے اور یہ ٹورنامنٹ کا سب سے مشکل گروپ ہے، اس میں چاروں ٹیمیں مضبوط ہیں۔ بقیہ ٹیموں میں فرانس، دفاعی چیمپیئن پرتگال اور ہنگری شامل ہیں۔
فٹ بال کا یہ ٹورنامنٹ براعظم یورپ کے گیارہ شہروں میں کھیلا جائے گا۔ چیمپیئن شپ کا فائنل میچ گیارہ جولائی کو ہو گا۔
ع ح/ ا ا (روئٹرز)