1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ اور امریکہ برف میں ڈھک گئے

21 دسمبر 2009

امریکہ کی مشرقی و شمالی ریاستیں جبکہ یورپ میں برطانیہ سے بحر اسود تک کا خطہ شدید سردی اور برفباری کی لپیٹ میں ہے۔

https://p.dw.com/p/L98f
تصویر: AP

شدید برفباری کی وجہ سے یورپ کے متعدد ممالک میں زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق خراب موسم کے باعث برسلز، ایمسٹرڈیم اور ڈسلڈروف سمیت کئی دیگر شہروں کے ہوائی اڈوں کو جزوی طور پر بند کر دیا گیاہے۔ آخری اطلاعات آنے تک ڈسلڈورف کے ہوائی اڈے سے پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ کرسمس کے موقع پر ہزاروں پروازوں کے روٹ تبدیل کر دیئے گئے ہیں۔

پولینڈ میں ویک اینڈ پر شدید سردی کے باعث ہلاکتوں کی تعداد انتیس تک پہنچ گئی ہیں۔ چیک جمہوریہ کے دارالحکومت پراگ میں بھی آٹھ افراد کے سخت سردی کے باعث جاں بحق ہونے کو رپورٹ کیا گیا ہے۔ برفباری سے کئی ملکوں اور شہروں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے کی وجہ سے نظام حیات میں تعطل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ جنوب مشرقی یورپی ملکوں میں شدید برفباری اور برفانی جھکڑوں کی کیفیت پیدا ہے۔ بوسنیا، کروشیا، سیربیا، رومانیہ، بلغاریہ اور مانٹی نیگرو میں کئی اہم سڑکیں برفباری کے باعث بند ہیں۔

ماہرین موسمیات کے مطابق اگلے دنوں میں سردی میں مزید اضافہ ہوگا۔ فرانس اور لندن کے درمیان چلنے والی چار زیر زمین ٹرینوں کا انگلش چینل میں پھنسے کا واقعہ قابل ذکر ہے۔ یوروسٹار ٹرین کے دوہزار سے زائد مسافر کافی دیر تک سمندر کی سطح نیچے اس ٹنل کے اندر بغیر خاطر خواہ روشنی کے پھنسے رہے۔

Männer Shopping
مغربی معاشروں میں کرسمس کے موقع پر عموماً زیادہ خریداری کی جاتی ہے۔تصویر: picture-alliance / dpa

واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق ٹنل کے باہر کی شدید سردی اور ٹنل کے اندر گرمی کے باعث تکنیکی مسئلہ، ٹرینوں کے پھنسے کی وجہ ہوسکتا ہے۔ یورو سٹار کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ براؤن نے اخلاقی طور پر واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مسافروں سے معافی مانگی ہے۔کمپنی نے تمام مسافروں کو ٹکٹ کی رقم واپس دینے، ایک مرتبہ کے مفت سفر کا پاس دینے اور ایک سو ستر یورو بطور زرتلافی دینےکا اعلان کیا ہے۔

برفباری طوفان نے امریکہ کی مشرقی اور شمالی ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ دارالحکومت واشنگٹن سمیت ورجنیا اور میری لینڈ کی شہری انتظامیہ نے ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔ شہروں میں میٹرو ریل کی Above ground سروس عارضی طور پر معطّل کر دی گئی ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ نے شدید برفباری کو Shopper stopper storm یعنی صارفین کو روکنے والے طوفان کا نام دیا ہے۔ کرسمس سے قبل کے اس آخری ویک اینڈ پر ہونے والی مسلسل برفباری نے ریٹیل سطح کی خریداری کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ یہی وہ وہ دن ہوتے ہیں جنہیں اس نوعیت کے کاروبار کے لئے موضوع ترین تصور کیا جاتا ہے۔

Eurotunnel Panne
لندن میں یورو سٹار ٹرین کے انتظار میں کھڑے مسافر۔تصویر: AP

بالٹی مور واشنٹگن کے علاقے میں بائیس انچ تک برف پڑنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ یہاں پر تقریباً دو انچ فی گھنٹہ کی شرح سے برف پڑنے کے باعث آمدورفت اور بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ بیشتر متاثرہ ریاستوں میں متعدد ملکی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ خراب موسم کے سبب انتظامیہ کو واشنگٹن کا Reagan National ائر پورٹ ایک دن کے لئے مکمل طور پر بند کرنا پڑا۔ بالٹی مور سے آنے والی بیشتر پروازیں منسوخ کی گئیں ، فیلاڈیلفیا ائرپورٹ پر پروازیں چھ گھنٹے تاخیر سے پہنچ رہی ہیں جبکہ نیویارک کےLa Guardia ائر پورٹ پر بھی متعدد پروازیں منسوخ کئے جانے کی اطلاع ہے۔

اگلے ہفتے برفانی طوفان کا شمال میں نیویارک اور دیگر ریاستوں کی جانب بڑھنے کا اندازہ ہے۔ امریکہ کے قومی موسمیاتی ادارے نے بوسٹن ریاست میں ایک سے دو انچ فی گھٹنہ کی رفتار سے برف پڑنے کی پیشن گوئی کی ہے۔ اسی طرح نیویارک میں پندرہ انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔ اب تک اس طوفان سے ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

رپورٹ : شادی خان

ادارت : عدنان اسحٰق