’یورپ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام‘
29 ستمبر 2010خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی ٹیلی ویژن سکائی نیوز نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی شدت پسندوں نے لندن کے ساتھ ساتھ فرانس اور جرمنی کے بڑے شہروں میں بیک وقت حملوں کا منصوبہ بنایا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں موجود شدت پسند گزشتہ کچھ عرصے سے ان حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، لیکن خفیہ ایجنسیاں بھی ان پر نظر رکھے ہوئے تھیں۔
انٹیلی جنس ذرائع نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ یہ حملے ممبئی حملوں کی طرز پر کئے جانے والے تھے۔ نومبر 2008ء میں دہشت گردوں نے ممبئی میں مختلف مقامات پر حملے کئے تھے۔ وہاں انہوں نے دو فائیو سٹار ہوٹلوں پر بھی حملہ کیا، جہاں سکیورٹی اہلکار گھنٹوں ان کا مقابلہ کرتے رہے۔ ان حملوں میں کم از کم 165 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ ان کے باعث پاکستان اور بھارت کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ یورپ کے لئے تیار کئے گئے دہشت گردانہ کارروائیوں کے منصوبے کا سراغ برطانیہ، فرانس، جرمنی اور امریکہ کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلے کی بدولت ممکن ہوا۔
سکائی نیوز کے مطابق جب تفتیش کاروں نے اس منصوبے کا پتا چلایا، تو امریکی فوج نے اپنے یورپی اتحادیوں کو منصوبہ سازوں کا پتا چلانے کے لئے مدد فراہم کرنا شروع کردی۔
اس منصوبے کو ناکام بنائے جانے کی رپورٹ ایسے وقت منظر عام پر آئی ہے جب فرانسیسی حکام ملک میں ممکنہ دہشت گردانہ حملے کے بارے میں خبردار کر چکے ہیں۔ دوسری جانب منگل کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایفل ٹاور پر بم الرٹ کے بعد اسے سیاحوں سے خالی کرا لیا گیا۔ شہر میں رواں ماہ کے دوران یہ دوسرا بم الرٹ تھا تاہم منگل کی شام ہی ایفل ٹاور کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔ اس کے منتظمین کو بم کے خطرے سے فون کے ذریعے آگاہ کیا گیا تھا۔
پیر کو ایسے ہی ایک خدشے کے پیش نظر پیرس کا ایک ریلوے سٹیشن بھی خالی کرا لیا گیا تھا۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عاطف بلوچ