1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ میں کوکین کی اسمگلنگ کا مرکزی دروازہ بیلجیم کا ایک شہر

29 اگست 2020

بیلجیم کے بندرگاہی شہر اینٹ ویرپ میں حکام نے گزشتہ آٹھ روز کے دوران 2.3 ٹن اسمگل شدہ کوکین ضبط کر لی اور آٹھ مشتبہ اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ یہ شہر یورپ میں کوکین کی اسمگلنگ کے لیے مرکزی دروازہ بن چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/3hk26
بیلجیم کے اس شہر کی بندرگاہ پر مال بردار بحری جہازوں کے ذریعے دنیا بھر سے تجارتی سامان لایا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/D. Waem

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ریاستی دفتر استغاثہ کی ایک خاتون ترجمان نے ہفتہ 29 اگست کے روز بتایا کہ اینٹ ویرپ (Antwerp) کے بندرگاہی شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے گزشتہ آٹھ روز کے دوران 2.3 ٹن کوکین اپنے قبضے میں لے لی۔

ایک واقعے میں تو گزشتہ پیر کے روز تقریباً ایک ٹن کوکین ضبط کر لی گئی اور ساتھ ہی چار مشتبہ اسمگلروں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ اس سے قبل 20 اگست کے روز بھی اینٹ ویرپ کی بندرگاہ کے قریب ہی ایک چھاپے کے دوران 510 کلو گرام کوکین پکڑی گئی تھی اور تین مشتبہ اسمگلر حراست میں لے لیے گئے تھے۔

اس واقعے کے صرف ایک روز بعد ہی اکیس اگست کو مزید 675 کلو گرام کوکین پکڑی گئی تھی۔ حکام کو اتنی بڑی مقدار میں اس بہت مہنگے نشہ آور مادے کا پتا حادثاتی طور پر اس وقت چلا تھا جب شہر کی بندرگاہ کا ایک ملازم چھپ کر لیکن بہت مشکوک انداز میں ایک کارگو کنٹینر کے اوپر چڑھنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس پر حکام نے جب اس کنٹینر کی تلاشی لی، تو اس میں سے پونے سات سو کلوگرام کوکین برآمد ہوئی تھی۔

Polizei untersucht Kokainfund im Labor
گزشتہ برس بیلجیم کے اس شہر سے حکام نے جو تقریباﹰ باسٹھ ٹن کوکین برآمد کی، اس کی منشیات کی غیر قانونی یورپی منڈی میں مالیت اربوں یورو بنتی تھیتصویر: picture-alliance/AFP Creative/E. Benavides

اینٹ ویرپ کی بندرگاہ کے حکام کے مطابق یہ شہر یورپ میں سمندری راستے سے مال برداری کے لیے بہت اہم راستہ ہے اور اسی لیے لاطینی امریکی ممالک میں منشیات کا کاروبار کرنے والے جرائم پیشہ گروہ اس راستے سے منشیات یورپ اسمگل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

بیلجیم کے اس شہر کے راستے یورپ میں کوکین اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے اسمگلروں کا تعلق زیادہ تر لاطینی امریکی ممالک برازیل، کولمبیا اور ایکواڈور سے ہوتا ہے۔

منشیات کے یہ بین الاقوامی اسمگلر اپنے مجرمانہ کاروبار کے لیے ایک راستے کے طور پر بیلجیم کے اس شہر پر اس قدر انحصار کرتے ہیں کہ گزشتہ برس حکام نے وہاں سے لاطینی امریکا سے کارگو کنٹینروں میں چھپا کر اسمگل کی گئی تقریبا ﹰ62 ٹن کوکین اپنے قبضے میں لے لی تھی۔
م م / ع ح  (ڈی پی اے، بیلگا)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں