یورپ میں گاڑیوں کی بہار
یورپ میں اگر گاڑیوں کے موسم بہار کے آغاز کی بات کی جائے تو اس کی شروعات معمول کے مطابق سوئس شہر جنیوا میں موٹر گاڑیوں کے میلے سے ہوتی ہے۔ اس مرتبہ اس میلے میں تیس مختلف ممالک کے دو سو سے زائد نمائش کنندگان موجود ہیں۔
اوپل کی انسِگنیا
انٹرنیشنل جنیوا موٹر شو میں اوپل اپنے انسِگنیا ماڈل کا گرینڈ اسپورٹس ورژن پیش کر رہی ہے۔ اس کی قیمت چھبیس ہزار یورو ہے جبکہ گاڑی کا اندرونی حصہ انتہائی متاثر کن ہے۔
پیژو ایک منفرد انداز
فرانسیسی کار ساز ادارہ پیژو ( Peugeot) جنیوا میں ’انسٹنکٹ‘ نامی اپنی کونسیپٹ کار کے ساتھ شریک ہو رہا ہے۔ یہ مکمل طور پر خود کار ہے اور اس میں انٹرنیٹ کی سہولت جنوبی کوریائی کمپنی سام سنگ نے مہیا کی ہے۔
سِٹروئن کراس
فرانسیسی کار ساز اداروں کے گروپ ’ پی ایس اے‘ میں پیژو کے ساتھ ساتھ سِٹروئن بھی شامل ہے۔ جنیوا میں سِٹروئن اپنی ایک ایسی جیپ پیش کر رہی ہے، جو شہر کے اندر چلانے کے لیے بنائی گئی ہے۔ جیپ کا نام ہے’ سی ایئر کراس کونسیپٹ‘۔
فوکس ویگن کا تصور
جرمن کار ساز ادارہ فوکس ویگن جنیوا میں’آرٹیؤن‘ نامی ایک گاڑی پیش کر رہا ہے۔ اس گاڑی کا ڈیزائن انتہائی منفرد قرار دیا جا رہا ہے۔
پورشے اور الیکٹرک؟
کیا یہ ممکن ہے کہ پورشے کی کسی گاڑی کے انجن کی طاقت 462 ہارس پاور ہو اور وہ ایک سو کلومیٹر فاصلہ صرف ڈھائی لیٹر میں طے کرے؟ جی ہاں پورشے نے اپنے ماڈل پانامیرا ای ہائبرڈ متعارف کرا کے یہ ممکن کر دکھایا ہے۔ جنیوا میں پہلی مرتبہ پانامیرا کی اسٹیشن ویگن پیش کی جا رہی ہے۔
فیملی کار
مرسیڈیز نے گزشتہ ایک سال کے دوران اپنے ای کلاس ماڈل کو مکمل طور پر تبدیل کرتے ہوئے ایک نئے انداز سے متعارف کرایا ہے۔ ابھی تک صرف ای کلاس کے کنورٹیبل ماڈل کی کمی تھی اور یہ کمی جنیوا میں پوری کی جا رہی ہے۔
ریگستانوں کی شہنشاہ
یقین نہیں آتا کہ کیا کچھ ہو سکتا ہے۔ مرسیڈیز ’جی‘ ماڈل جیپ بہت عرصے سے بنا رہا ہے اور یہ انتہائی مقبول بھی ہے۔ تاہم اب یہ گاڑی مائی باخ جی 650 کے طور پر بھی متعارف کرا دی گئی ہے۔ اگر آپ اس گاڑی میں دلچسپی رکھتے ہیں تو اسے خریدنے کے لیے آپ کے پاس پانچ لاکھ یورو ہونے چاہیے۔ مرسیڈیز اس ماڈل کی صرف 99 گاڑیاں تیار کرے گا۔
بی ایم ڈبلیو کی فائیو سیریز
جرمن کار ساز ادارے بی ایم ڈبلیو جنیوا میں اپنی فائیو سیریز کے ساتھ موجود ہو گا۔
الفا رومیو کی بھی جیپ
یورپ میں جیپ کی مقبولیت میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے ہر کار ساز ادارہ جیپ کا ماڈل متعارف کرانے کی کوشش میں ہے۔ اب اطالوی کار ساز ادارے الفا رومیو کی جیپ بھی جنیوا کار شو میں دیکھنے کو ملے گی۔
طاقت ور اور تیز ترین
جنیوا کار شو میں آپ کو فیراری کی اب تک کی سب سے طاقت ور انجن کی حامل اور سبک رفتار گاڑی دیکھنے کو ملے گی۔ اس گاڑی کا انجن آٹھ سو ہارس پاور کا ہے اور یہ گاڑی صرف 2.9 سیکنڈز میں سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو پہنچ جاتی ہے۔
فیراری کے مقابلے میں لیمبورگینی
لیمبورگینی ’ایونٹاڈور ایس‘ کے انجن کی طاقت 740 ہارس پاور ہے اور یہ گاڑی ساڑھے تین سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک سڑکوں پر دوڑ سکتی ہے۔ اسپورٹس کار کے شوقین اس گاڑی کو جنیوا کار شو میں دیکھ سکتے ہیں۔