یورپ کا سب سے عمر رسیدہ گوریلا چل بسا
21 اگست 2018نیورمبرگ چڑیا گھر کے سٹاف کے مطابق فرٹز ایک بہت خاص کردار کا حامل جانور تھا اور اسےخاص طور پر ریسپ بیری جام بہت زیادہ پسند تھا۔چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق 55 سالہ فرٹز کی صحت بہت زیادہ خراب ہو گئی تھی اور اب اس میں اتنی طاقت بھی نہیں رہی تھی کہ وہ کوئی حرکت بھی کر سکے۔ یہاں تک کے اس میں اپنے پسندیدہ جام اور پنیر کو کھانے کی خواہش بھی پیدا نہ ہوئی۔
اسی وجہ سے چڑیا گھر کی انتظامیہ نے پیر کے دن ایک انجکشن کے ذریعے اس کی زندگی ختم کر دی۔
یہ گوریلا 1963ء میں افریقی ملک کیمرون میں پیدا ہوا تھا۔ اسے 1970ء میں نیورمبرگ کے چڑیا گھر میں منتقل کیا گیا تھا۔ اس کے کل چھ بچے ہیں اور 14 پوتے پوتیاں جو یورپ کے مختلف چڑیا گھروں میں رہتے ہیں۔ جنگلوں میں گوریلا زیادہ سے زیادہ چالیس سال کی عمر تک جی پاتے ہیں لیکن چڑیا گھروں میں خاص ماحول اور توجہ کے باعث یہ جانور پچاس سال تک زندہ رہ سکتے ہیں۔
دنیا بھر میں سب سے زیادہ طویل عمر پانے والا گوریلا ’کولو‘ تھا جنوری 2017ء میں امریکا کے کولمبس چڑیا گھر میں ساٹھ سال کی عمر میں ہلاک ہوا تھا۔
ب ج/ ع ا (نیوز ایجنسیاں)