1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ: کورونا پابندیوں کے خلاف زبردست مظاہرے

10 جنوری 2022

یورپی یونین کے ملکوں میں اومیکرون کے کیسز میں مسلسل اضافے کے درمیان ماہرین نے بالخصوص ویکسین نہ لینے والوں کو خطرات سے متنبہ کیا ہے۔ دوسری طرف کورونا پابندیوں کے خلاف یورپ کے مختلف شہروں میں مظاہرے ہوئے۔

https://p.dw.com/p/45Kk9
Proteste gegen Corona-Politik | Belgien Brüssel
تصویر: Dursun Aydemir/AA/picture alliance

کووڈ وائر س کی وبا کے مد نظر حکومتوں کی طرف سے عائد کی گئی سخت پابندیوں نیز کووڈ ویکسین اور بوسٹر شاٹ کے لیے عوام کی حوصلہ افزائی کے خاطر نئے ضابطوں کے درمیان یورپی یونین کے ملکوں میں ویک اینڈ پر مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ اتوار کے روز بیلجیئم اور چیک جمہوریہ میں ہزاروں افراد نے کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کی جانے والی پابندیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ ہفتے کے روز بھی جرمنی کے مختلف شہروں اور ویانا میں اسی طرح کے مظاہرے ہوئے۔

کورونا کا نیا ویریئنٹ یورپی یونین میں مسلسل پھیل رہا ہے۔ سائنس دانوں اورطبی ماہرین نے انفیکشن میں تیزی سے اضافے کی وارننگ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص جن افراد نے ویکسین نہیں لیے ہیں ان کے متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ ہے اور اس کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بڑھ سکتا ہے۔

Proteste gegen Corona-Politik | Belgien Brüssel
تصویر: Dursun Aydemir/AA/picture alliance

بیلجیئم

اتوار کے روز بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں تقریباً پانچ ہزار مظاہرین سڑکوں پر اترآئے۔ مظاہرین "ویکسین ڈکٹیٹرشپ" کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ انہوں نے ریستورانوں، بار اور دیگر ثقافتی تقریبات میں شرکت کے لیے 'کووڈ پاس' کو لازمی قرار دینے کے حکومت کے فیصلے کے خلاف ناراضگی ظاہر کی۔

احتجاجی مارچ سے قبل پولیس نے گیارہ افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ مظاہرے کے اختتام پر مزید 30 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

بیلجیئم میں گذشتہ ہفتے کے مقابلے 30 دسمبر سے 5 جنوری کے درمیان نئے کیسز میں 96 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس مدت کے دوران 28 فیصد سے زیادہ متاثرین کو ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔

Proteste gegen Corona-Politik | Tschechien Prag
تصویر: Petr David Josek/AP/picture alliance

چیک جمہوریہ

پراگ میں ہزاروں افراد نے ایک مخصوص عمر گروپ اور پیشہ ورافراد کے لیے کووڈ ویکسینیشن کو لازمی قرار دیے جانے کی تجویز کے خلاف مظاہرہ کیا۔

مظاہرین میں سے بیشتر نے چیک جمہوریہ کا قومی پرچم اٹھارکھا تھا جب کہ کچھ دیگر "آزادی، آزادی" کے نعرے لگا رہے تھے۔

چیک حکومت 60 برس سے زیادہ عمر کے افراد کے علاوہ طبی عملہ، میڈیکل اسٹوڈنٹس، پولیس افسران اور فائر بریگیڈ عملہ کے لیے کووڈ ویکسین لینا لازمی قرار دینے پر غور کر رہی ہے۔

گوکہ لازمی ویکسینیشن کا فیصلہ دسمبر کے اوائل میں اس وقت کے وزیر اعظم آندریز بابس نے کیا تھا تاہم اب چیک جمہوریہ میں وزیر اعظم پیٹر فیلا کی قیادت میں پانچ جماعتی اتحاد کی حکومت ہے۔ اور نئی حکومت 60 برس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے لازمی ویکسینیشن کی فیصلے کو واپس لینے پر غور کررہی ہے تاہم اس نے بعض پیشے سے وابستہ افراد کے لیے لازمی ویکسینیشن کو مسترد نہیں کیا ہے۔

Proteste gegen Corona-Politik | Frankfurt Main
تصویر: Hannes P. Albert/dpa/picture alliance

جرمنی

جرمنی میں ہفتے کے روز کئی شہروں میں ہزاروں افراد نے کورونا وائرس کے انسداد کے لیے حکومتی پالیسیوں کے خلاف مظاہرے کیے۔

 پولیس کے مطابق سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ شمالی شہر ہیمبرگ میں ہوا، جہاں تیرہ ہزار سے زائد افراد نے مارچ کیا۔ اس مارچ کا نعرہ تھا، ”بہت ہو چکا، ہمارے بچوں سے دور رہو"۔

حکام کے مطابق ڈسلڈورف شہر میں بھی ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ فرینکفرٹ میں بھی ہزاروں شہری سڑکوں پر نکلے، جو کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے سخت حکومتی پابندیوں کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔

مشرقی شہر ڈریسڈن اور مغربی شہر منڈین میں بھی مظاہرے ہوئے۔

ان مظاہروں کے منتظمین کی طرف سے بھی شرکاء سے کہا گیا تھا کہ وہ سماجی فاصلوں کے ضوابط کا خیال رکھیں اور ماسک پہنیں، تاہم کئی مظاہرین اس ہدایت پر عمل نہ کرتے نظر آئے۔

Proteste gegen Corona-Politik | Schweinfurt
تصویر: Nicolas Armer/dpa/picture alliance

آسٹریا

دارالحکومت ویانا میں کورونا وائرس کے حوالے سے حکومت کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کے خلاف سنیچر کے روز کئی مظاہرے ہوئے۔

حکومت کی طرف سے کووڈ ویکسین کو لازمی قرار دینے کے منصوبے کے خلاف مظاہروں میں 40000 ہزار سے زائد مظاہرین نے حصہ لیا۔

چانسلر کارل نیہیمر، جو جمعے کے روز کووڈ پازیٹیو پائے گئے تھے، نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ کووڈ ضابطوں پر مکمل عمل کریں۔ یہ یکم فروری سے نافذ ہونے والے ہیں۔

آسٹریا کوبھی کووڈ کے نئے ویریئنٹ اومیکرون کا سامنا ہے۔ گوکہ حالیہ لاک ڈاون کی وجہ سے نئے انفیکشن کی تعداد نسبتاً کم ہوگئی تھی تاہم پابندیوں کو اٹھائے جانے کے بعد سے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

 ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں