یورپی عدالت برائے انصاف کے گوگل اور اپیل کے خلاف فیصلے
10 ستمبر 2024یورپی یونین کی اعلیٰ ترین عدالت نے منگل کے روز دو علحیدہ مقدمات میں امریکی ٹیک کمپنیوں ایپل اور گوگل کے خلاف حتمی فیصلے سنائے، جس کے بعد اب انہیں جرمانے اور ٹیکسوں کی مد میں مجموعی طور پر 15.4 بلین یورو کی ادائیگی کرنا ہوگی۔
یورپی عدالت برائے انصاف کے ایپل سے متعلق مقدمے میں یورپی کمیشن کے 2016ء کے فیصلے کی توثیق کی گئی ہے، جس میں اس کپمپنی کو آئرلینڈ کو 13 بلین یورو بطور ٹیکس کی ادائیگی کا حکم دیا گیا تھا۔
تب یورپی کمیشن اس نتیجے پر پہنچا تھا کہ دو دہائیوں کے عرصے میں آئرلینڈ میں ٹیکس کے حوالے سے کیے گئے دو فیصلوں کی بدولت 2014ء میں ایپل کا ٹیکس ریٹ مصنوعی طریقے سے 0.005 فیصد تک کم کر دیا گیا۔
یورپی عدالت برائے انصاف کے آج کے فیصلے میں یورپی کمیشن کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ''آئرلینڈ نے ایپل کو غیر قانونی (مالی) معاونت فراہم کی، جسے اسے ریکور کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
گوگل سے متعلق اپنے فیصلے میں یورپی عدالت برائے انصاف نے اس پر یورپی یونین کی جانب سے عائد 2.4 بلین یورو کے جرمانے کی تائید کی۔
یورپی کمیشن نے گوگل پر یہ جرمانہ ایک اینٹی ٹرسٹ کیس میں عائد کیا تھا، جس میں اس امریکی کمپنی پر انٹرنیٹ سرچ میں گوگل شاپنگ کے لنکس کو اپنے حریفوں کے مقابلے میں فوقیت دینے کا الزام تھا۔ یورپی کمیشن کے مطابق اس طرح گوگل نے غیر منصفانہ طریقے سے فوائد حاصل کیے۔
م ا ⁄ ش خ (اے پی، روئٹرز، ڈی پی اے)