1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی ہاکی چیمپئن شپ، انگلینڈ کی فتح

30 اگست 2009

ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈم میں ہاکی کی یورپی چیمپئن شپ میں اتوار کے روز کھیلے جانے والے مرد کھلاڑیوں کے فائنل میں انگلینڈ نے جرمنی کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر یورپی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

https://p.dw.com/p/JLkj
انگلینڈ سے شکست کے بعد جرمن گول کیپر کا ردعملتصویر: AP

کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام تک اولمپک اور ورلڈ چیمپئن جرمنی دو کے مقابلے میں تین گول سے جیت رہا تھا۔ تیسری پوزیشن کے لئے منعقدہ میچ میں ہالینڈ نے اسپین کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے ہرا دیا۔ اِس سے پہلے ہفتے کے روز خواتین کا فائنل میز بان ملک ہالینڈ اور جرمنی کے درمیان کھلا گیا، جس میں جرمنی کو اولمپک چیمپئن ٹیم کے ہاتھوں دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست اٹھانا پڑی اور یوں جرمنی خواتین محض چاندی کا تمغہ جیت سکیں۔ تاہم جرمنی نے انتہائی شاندار کھیل پیش کیا، جس کا ذکر کرتے ہوئے قومی جرمن کوچ مشاعیل بیہرمان نے کہا:

’’میرے خیال میں اِس سال اب تک یہ ہمارا سب سے اچھا میچ تھا۔ ہم اِس میچ پر کچھ زیادہ غور کریں گے تو ہو سکتا ہے کہ ہمیں خود پر غصہ بھی آئے کیونکہ ہمیں کئی کارنر ملے اور ہم بآسانی یہ میچ جیت سکتے تھے۔‘‘

اِس طرح جرمن ہاکی ٹیم کی خواتین کا یہ میچ جیت کر سن دو ہزار سات کی طرح ایک بار پھر کامیابی حاصل کرنے اور اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرنے کا خواب شرمندہء تعبیر نہ ہو سکا۔ ہالینڈ کی خواتین کھلاڑیوں نے ساتویں مرتبہ یورپی ہاکی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل