یورپی یونین اور روس کے درمیان شراکت
14 نومبر 2008یہ مکالمت برسلز میں اعلیٰ ترین مذاکراتی مندوبین کی سطح پر ہوگی۔ اطراف کے سفارت کاروں کے بیانات کے مطابق اس بارے میں یونین اور روس کے مابین اتفاق رائے فرانس کے شہر نیس میں ہونے والی اس سربراہی کانفرنس میں طے پایا جس میں روسی صدر دیمیتری میدویدیف اور یونین کی طرف سے فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی شامل ہوئے۔ ماضی قریب میں یورپی یونین نے ماسکو کے ساتھ اپنی یہ بات چیت جارجیا کے تنازعے کے باعث معطل کردی تھی۔
مزید برآں روسی پارلیمان دوما نےملکی صدر کے عہدے کی مدت چار سال سے بڑھا کر چھ سال کردینے سے متعلق مسودہ قانون کی اس پر ہونے والی پہلی ہی بحث کے بعد منظوری دے دی۔ اس حوالے سے روسی آئین میں ترمیم سے متعلق قرارداد کی کل 450 میں سے 388 ارکان نے تائید کردی۔ اس آئینی ترمیمی مسودے پر دوسری اور تیسری پارلیمانی بحث آئندہ ہفتہ کی جائے گی۔ اس مسودہ قانون کی حتمی منظوری کے لئے پارلیمانی ایوان بالا کی طرف سے توثیق بھی لازمی ہوگی۔