یورپی یونین: پانچ سال سے بڑے بچوں کو ویکسین لگانے کی اجازت
25 نومبر 2021یورپی میڈیکل ایجنسی (EMA) نے فائزر بائیو این ٹیک کی تیار کردہ کورونا ویکسین کو پانچ سے گیارہ برس کے بچوں کے لیے موزوں قرار دے دیا ہے۔ اس اجازت کے بعد اب یورپی یونین کے مختلف ممالک کی وزارتِ صحت کی منظوری سے جلد ہی اسکولوں میں بچوں کو ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع کیا جا سکے گا۔
جرمنی میں ایک لاکھ افراد میں کورونا انفیکشنز کا نیا ریکارڈ
یورپی میڈیکل ایجنسی کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب یونین کے رکن ممالک میں کووڈ انیس کے پھیلاؤ میں بتدریج شدت پیدا ہوتی جا رہی ہے۔ اس دوران فرانس نے اٹھارہ برس کی عمر کے تمام افراد کے لیے بوسٹر لگوانا لازمی قرار دے دیا ہے۔
یورپی میڈیکل ایجنسی کا اجلاس
یورپی میڈیکل ایجنسی کے ایمسٹرڈیم میں منعقدہ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ فائزر بائیو این ٹیک کی کووڈ انیس کے خلاف مدافعت پیدا کرنے والی ویکسین کے دائرے کو وسیع کر دیا گیا ہے اور اب یہ ویکسین پانچ سے گیارہ برس کے بچوں کو بھی لگائی جا سکتی ہے۔ آزمائشی عمل میں اس ویکسین کی بچوں پر اثر انگیزی کی شرح 90.7 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
کورونا ویکسین بھی لگانے کے لیے سرنجیں کم پڑ جائیں گی
ایجنسی کا اجلاس جمعرات پچیس نومبر کو ہوا۔ یورپی یونین کی رکن ریاستوں میں کسی بھی دوا کے استعمال کی اجازت ای ایم اے کی جانب سے دی جاتی ہے۔ اس ایجنسی کے ماہرین گزشتہ دو ماہ سے اس ویکسین کے بچوں پر آزمائشی عمل کے اعداد و شمار پر توجہ مرکوز کیے ہوئے تھے۔ اس منظوری کے بعد اس عمر کے بچوں کے بازوؤں کے اوپری حصے میں انجیکشن سے دس مائیکرو گرام کی دوا یا خوراک دی جائے گی۔
بچوں کی ویکسینیشن کا آغاز
یورپی یونین کی ہیلتھ کمیشنر سٹیلا کیریاکیڈیس نے اس اعلان کے بعد کہا کہ اب یونین کے بچوں کا اس متعدی اور وبائی بیماری سے اضافی بچاؤ ممکن ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک میں بچوں کو ویکسین کی اولین خوراک دسمبر کے تیسرے ہفتے سے ممکن ہو سکے گی۔
یورپی کمیشن کی جانب سے میڈیکل ایجنسی کی فیصلے کی باضابطہ توثیق ہونا ابھی باقی ہے۔ مبصرین کے مطابق کمیشن کی جانب سے ایجنسی کے فیصلے میں کوئی رکاوٹ پیدا کرنے کا امکان موجود نہیں۔
کورونا کے منکرین میں اضافہ ہو رہا ہے، جرمن انٹیلی جنس سربراہ
اس ویکسین کا برانڈ نام کومیرناٹی (Comirnaty) ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکا اور اسرائیل میں پانچ برس تک کے بچوں کو بھی کورونا ویکسین لگانے کی اجازت دی جا چکی ہے۔
ع ح ع ا (اے پی، ڈی پی اے، روئٹرز)