1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین کی طرف سے گوگل کو ڈیڑھ ارب یورو کا نیا جرمانہ

20 مارچ 2019

یورپی یونین کے صحت مند کاروباری مقابلے کے نگران ادارے نے انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کے خلاف ایک نئے فیصلے میں اس امریکی کمپنی کو ڈیڑھ ارب یورو جرمانہ کر دیا ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ گوگل کو اتنا بڑا جرمانہ کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3FMPe
تصویر: Fotolia

برسلز میں یورپی یونین کے صدر دفاتر سے بدھ بیس مارچ کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق یورپی یونین کے ریگولیٹرز نے گوگل کو یہ سزا آن لائن اشتہارات کے شعبے میں اس ادارے کے غلبے کی وجہ سے سنائی۔ گوگل کو 1.49 ارب یورو جرمانہ کیا گیا ہے، جو 1.68 ارب امریکی ڈالر کے برابر بنتا ہے۔

یورپی یونین کا یہ ریگولیٹری ادارہ یونین کی اینٹی ٹرسٹ اتھارٹی بھی کہلاتا ہے اور مجموعی طور پر یہ تیسرا موقع ہے کہ اس ادارے کی طرف سے گوگل کو اربوں مالیت کا جرمانہ کیا گیا ہے۔ امریکا میں سیلیکون ویلی کی اس بہت بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کو ماضی میں بھی دو مرتبہ بہت بڑے بڑے جرمانے کیے جا چکے ہیں، جن کا سبب اس کمپنی کے کاروباری طریقہ کار سے متعلق یورپی یونین کی طرف سے کی جانے والی چھان بین کے نتائج بنے تھے۔

Symbolbild Google & Urheberrecht
تصویر: picture-alliance/dpa/L. Schulze

گوگل کے خلاف اس فیصلے کا اعلان یورپی یونین کی صحت مند کاروباری مقابلے سے متعلقہ معاملات کی نگران خاتون کمشنر مارگریٹے ویسٹاگر نے بدھ کے روز برسلز میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونین نے اس کمپنی کے اشتہارات سے متعلق بزنس اور ’ایڈسینس‘ (AdSense) نامی ادارے کے بارے میں جو تحقیقات کیں، ان کی روشنی میں ثابت ہو گیا کہ گوگل نے اس شعبے میں اپنی بہت غالب حیثیت کو ناجائز اجارہ داری کے لیے استعمال کیا۔

انہی نتائج کی روشی میں اب گوگل کو ایک بار پھر تقریباﹰ ڈیڑھ ارب یورو جرمانہ کر دیا گیا ہے۔

گوگل کو یورپی یونین کی طرف سے گزشتہ برس بھی 3.34 ارب یورو یا تقریباﹰ پانچ ارب امریکی ڈالر کے برابر جرمانہ کیا گیا تھا۔ تب اس کا سبب اس کمپنی کے اینڈروئڈ آپریٹنگ سسٹم سے متعلق کی جانے والی تفتیش بنی تھی۔

اس سے قبل سن 2017ء میں بھی یونین نے گوگل کو 2.42 ارب یورو کا جرمانہ کیا تھا۔ تب اس کی وجہ وہ تحقیقات بنی تھیں، جو اس سرچ انجن کی طرف سے آن لائن شاپنگ سے متعلق صارفین کو دکھائے جانے والے نتائج کے بارے میں کی گئی تھیں۔ ان میں بھی گوگل نے ایسے کاروباری رویوں کا مظاہرہ کیا تھا، جو غیر قانونی اجارہ داری کے عکاس تھے۔

م م / ا ا / اے پی

گُوگل بنے گا اب آپ کا ذاتی اسسٹنٹ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں