1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوم آزادی کے موقع پر پرتشدد کارروائیاں، پندرہ پاکستانی ہلاک

14 اگست 2011

افغانستان کی سرحد کے ساتھ ملحقہ پاکستانی علاقوں میں مختلف پرتشدد کارروائیوں کے دوران تین فوجیوں اور ایک صحافی سمیت پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12GLJ
تصویر: AP

گیارہ افراد پاکستانی صوبہ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں بم دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔ اس حملے میں زخمیوں کی تعداد تقریباﹰ بیس بتائی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ دو منزلہ ایک ہوٹل میں ہوا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم پولیس نے بلوچ علیحدگی پسندوں پر اس کارروائی میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ہوٹل کی عمارت تباہ ہو گئی ہے۔ پولیس نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

پولیس کے مطابق بلوچستان کے علاقے خضدار میں ایک صحافی کو بھی ہلاک کر دیا گیا ہے۔ مقامی پولیس کے سربراہ عبدالقدیر شیخ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: ’’صحافی منیر نور خریداری کے بعد گھر لوٹ رہے تھے کہ انہیں راستے میں موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے نشانہ بنایا۔‘‘

Pakistan Landschaft in Waziristan Luftaufnahme
افغانستان کی سرحد سے ملقحہ پاکستان کا قبائلی علاقہتصویر: Abdul Sabooh

دوسری جانب پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقے میں راکٹ حملے میں نیم فوجی دستے کے کم از کم تین اہلکار ہلاک اور پچیس زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک اعلیٰ سکیورٹی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ میرانشاہ میں فوجی یوم آزادی کی تقریب کے لیے جمع ہو رہے تھے کہ ان کے کیمپ پر چار راکٹ لگے۔

انہوں نے بتایا کہ زخمی فوجیوں میں سے پانچ کی حالت نازک ہے۔ اے ایف پی کا کہنا ہے کہ دیگر سکیورٹی اور انٹیلیجنس اہلکاروں نے بھی اس حملے اور اس میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقوں کو خطرناک ترین خطہ قرار دیتا ہے۔ واشنگٹن حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں تعینات نیٹو افواج پر حملوں اور دہشت گردی کے دیگر کارروائیوں کے منصوبے اس علاقے میں بنائے جاتے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں