یونان کو دیوالیہ پن سے بچانے کے لیے یورو زون کی کوششیں
4 اکتوبر 2011یونان کے وسیع قرضے کے حجم سے یورو زون گروپ کے استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔ پیر کے روز لکسمبرگ میں یونان کے مالیاتی بحران کو حل کرنے کے لیے یورو زون ممالک کے یورو گروپ کا خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس کے حوالے سے لکسمبرگ کے وزیر اعظم Jean-Claude Juncker نے واضح کیا کہ میٹنگ میں یونان کو یورو زون کو خیر باد کہنے کی کوئی تجویز موجود نہیں تھی اور کوئی ملک بھی یونان کے دیوالیہ ہونے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
وزرائے خزانہ کے اجلاس میں اس بات کا بھی تعین نہیں ہو سکا کہ یونان کو بیل آؤٹ پیکج کی اگلی آٹھ ارب ڈالر کی قسط بھی جاری کی جائے گی یا نہیں۔ اس مناسبت سے تیرہ اکتوبر کو ایک اور اجلاس شیڈیول کر دیا گیا ہے۔ اس اگلے اجلاس میں قسط جاری کرنے کے بارے میں حتمی اور یقینی طور پر کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ اس اجلاس میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ IMF کے ماہرین بھی شرکت کریں گے۔ یونانی حکومت کے مطابق بروقت قسط جاری نہ کی گئی تو وسط اکتوبر میں حکومت کے زیر استعمال کیش ختم ہو جائے گا۔ یونان کی پارلیمنٹ سن 2012 کے بجٹ کی منظوری ماہِ نومبر میں دے گی۔
لکسمبرگ کے وزیر اعظم Juncker نے اس امید کا اظہار کیا کہ مالی قرضے کی واپسی کے تبدیل شدہ شیڈیول کے بعد یونان مالی ذمہ داریوں کو نبھانے کا اہل ہو سکے گا اور اسے دیوالیہ پن سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ کولیٹرل کی صورت میں یورو زون کی اقوام کو رقم کی واپسی بڑی شرح سود کے بغیر ہونے کا قوی امکان ہے۔
لکسمبرگ کے اجلاس میں فن لینڈ کے وزیر خزانہ کی پیش کردہ قرارداد پر تمام وزرائے خزانہ متفق ہیں کہ یونانی قرضے کے بڑے حجم کو یورو زون کے ممالک گروی رکھ کر یونان کے لیے دوسرے مالیاتی پیکج کی منظوری کی راہ ہموار کریں۔ فن لینڈ کے وزیر خزانہ کے مطابق یونان کا مالی بحران یورو زون سے کو لیٹرل کی امید رکھتا ہے۔ اگر تمام اقوام اس کی درخواست کر دیں تو یونان کے لیے صورت حال بہتر ہو سکتی ہے۔
یونان کے مالی بحران کے تناظر میں عالمی مالی منڈیوں میں مندی کا رجحان غالب رہا۔ منگل کے روز آسٹریلیا کی اسٹاک مارکیٹ میں مندی سے کاروبار کا آغاز ہوا۔ گزشتہ روز یورو کرنسی کی قدر امریکی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں اس سال سب سے کم سطح پر پہنچ گئی۔
رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: حماد کیانی