یونان کے لیے نئی مالی امداد، فیصلہ تین جولائی کو
20 جون 2011یورو زون کی ریاستوں کے وزرائے خزانہ کے ایک اجلاس کے بعد یُنکر نے لکسمبرگ میں صحافیوں کو بتایا کہ یورپی یونین اور یورو گروپ یونان کو ہر حال میں ایسی حالت سے بچانا چاہتے ہیں کہ وہ ایک ریاست کے طور پر اپنے ذمے مالی ادائیگیوں کے قابل نہ رہے۔ یُنکر کے بقول اس سلسلے میں تین جولائی اتوار کے روز کے لیے یورو زون کے وزرائے مالیات کا ایک غیر معمولی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جو ایتھنز حکومت کو نئے سرے سے ہنگامی مالیاتی امداد کی فراہمی کا حتمی فیصلہ کرے گا۔
ژاں کلود یُنکر، جو لکسمبرگ حکومت میں وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ وزیر خزانہ بھی ہیں، یورپی یونین کے یورو گروپ کے سربراہ بھی ہیں۔ انہوں نے آج ہونے والے یورو گروپ کے وزرائے خزانہ کے اجلاس کے بعد اس بارے میں امید کا اظہار کیا کہ یونانی پارلیمان تین جولائی تک ایک ایسے نئے مالی بچتی پروگرام کی منظوری دے دے گی، جو یورو زون کی طرف سے ایتھنز حکومت کو 12 بلین یورو کی نئی ہنگامی امداد کی فراہمی کی شرط بھی ہے، تاکہ ان نئے قرضوں کی مدد سے یونان کو مالیاتی حوالے سے اس کی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے قابل رکھا جا سکے۔
اسی دوران ایتھنز سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یونان کے ایک سرکردہ صنعتی گروپ نے یورو زون کے وزراء کے گروپ کے سربراہ ژاں کلود یُنکر کی اس تجویز کا خیر مقدم کیا ہے کہ یونین اور یورو گروپ یونان کی اس طرح بھی مدد کر سکتے ہیں کہ ایتھنز یورپی یونین کے چند مخصوص پروگراموں کے لیے اپنے حصے کی مالی ادائیگیاں نہ کرے۔
اس بارے میں ایتھنز کے ایوان صنعت و تجارت کے سربراہ کونسٹانٹینوس میخالوس نے کہا کہ یونانی صنعت کار گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے یہ مطالبے بھی کر رہے ہیں کہ یورپی یونین یونان کو وہ مالی امداد بھی مہیا کرے، جو پہلے سے طے شدہ ہے اور جو یونان کی خراب مالی حالت کی وجہ سے اب تک ادا نہیں کی گئی۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: کشور مصطفیٰ