یونانی فیکٹری میں گیس کے باعث دم گھٹنے سے پاکستانی شہری ہلاک
21 دسمبر 2019پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ اکیس دسمبر کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق یہ واقعہ یونانی دارالحکومت ایتھنز سے تقریباﹰ پچاس کلومیٹر دور واقع ایک چھوٹے سے شہر میں قائم ایک فیکٹری میں جمعرات 19 دسمبر کو پیش آیا۔
اس واقعے کے بعد یونانی ذرائع ابلاغ نے متعدد پاکستانیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔ لیکن اسلام آباد میں ملکی دفتر خارجہ کے مطابق دستیاب معلومات سے اب تک یہ تصدیق ہوئی ہے کہ اس فیکٹری میں زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے کے نتیجے میں مجموعی طور پر چار افراد کی موت واقع ہو گئی۔
اس واقعے کے بعد ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانہ کالیویا (Kalivia) نامی شہر میں مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ آخری خبریں آنے تک یہ تصدیق ہو چکی ہے کہ مرنے والوں میں سے کم از کم ایک پاکستانی شہری تھا جبکہ باقی تین ہلاک شدگان کی شناخت کا تعین ابھی کیا جا رہا ہے۔
یونانی میڈیا کی رپورٹوں کے تناظر میں یہ امکان ابھی اپنی جگہ ہے کہ باقی تین ہلاک شدگان بھی شاید پاکستانی شہری ہی تھے یا پھر وہ ممکنہ طور پر پاکستانی نژاد یونانی شہری بھی ہو سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے کالیویا کی اس فیکٹری میں ہلاک ہو جانے والے پاکستانی شہری یا شہریوں کے اہل خانہ کے لیے اپنے عملے کے اس رکن کا نام بھی جاری کر دیا ہے، جس سے متاثرہ خاندان رابطہ کر سکتے ہیں۔ یہ معلومات ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے کے اہلکار عبدالوحید سے ٹیلی فون نمبر 00306940070793 پر رابطہ کر سکے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
م م / ع ح