1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوکرین جنگ: ہنگری کے وزیر اعظم اوربان کا کییف کا پہلا دورہ

2 جولائی 2024

یوکرین کے لیے مغربی حمایت کے سخت ناقد ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان نے کییف میں صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی ہے۔

https://p.dw.com/p/4hlba
یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کے بعد اوربان کا کییف کا یہ پہلا دورہ ہے
یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کے بعد اوربان کا کییف کا یہ پہلا دورہ ہےتصویر: The Presidential Office of Ukraine/SvenSimon/picture alliance

ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کے پریس سکریٹری برٹلان ہواسی نے منگل کے روز کہا کہ وزیر اعظم اوربان یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی سے تبادلہ خیال کے لیے کییف پہنچ گئے ہیں۔

یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کے بعد اوربان کا کییف کا یہ پہلا دورہ ہے۔ یہ دورہ ہنگری کی طرف سے اس مرتبہ یورپی یونین کی صدارت سنبھالنے کے ایک دن بعد ہو رہا ہے۔

یورپی یونین کے رہنما یوکرین کے لیے 50 ارب یورو کے امدادی پیکج پر متفق

سمجھا جاتا ہے کہ اوربان اور زیلنسکی قیام امن کے مواقع کے ساتھ ساتھ ہنگری اور یوکرین کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

خیال رہے کہ سن 2022میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے اوربان یورپی یونین کے واحد رہنما ہیں جنہوں نے ماسکو کے ساتھ سرگرم تعلقات رکھے ہیں۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اوربان اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان قریبی تعلقات ہیں۔

یوکرین کی یورپی یونین میں شمولیت: مذاکرات کے آغاز کا فیصلہ

ہنگری میں یوکرینی باشندوں کا خیر مقدم، افغان طالبعلم ملک بدر

ہنگری کے وزیر اعظم نے کییف کے لیے یورپ کی مالی اور فوجی امداد پر عوامی طورپر تنقید کی ہے اور انہوں نے پچاس بلین یورو کے امدادی پیکج کو عارضی طورپر ہفتوں تک روکے رکھا تھا۔

اوربان نے اکتوبر 2023 میں بیجنگ میں ایک علاقائی سربراہی کانفرنس کے دوران پوٹن سے ملاقات کی تھی۔ اور وہ یوکرین میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے پوٹن سے ملاقات کرنے والے یورپی یونین کے پہلے رہنما بن گئے تھے۔

سن 2010 سے اقتدار میں رہنے والے قوم پرست رہنما اوربان نے برسلز کی کییف کے ساتھ یورپی یونین کی رکنیت کے لیے باضابطہ مذاکرات شروع کرنے کی کوششوں کی بھی مذمت کی۔ تاہم انہوں نے اسے ویٹو کرنے کے بجائے غیر حاضر رہنے کو ترجیح دی۔

امریکی وزیر دفاع آسٹن اور یوکرینی وزیر دفاع عمروف امریکہ اور یوکرین کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے
امریکی وزیر دفاع آسٹن اور یوکرینی وزیر دفاع عمروف امریکہ اور یوکرین کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گےتصویر: Sean Gallup/Getty Images

یوکرینی وزیر دفاع کی امریکی ہم منصب سے ملاقات

دریں اثنا، یوکرین کے دفاعی سربراہ اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کے لیے واشنگٹن جا رہے ہیں۔ جہاں دونوں رہنما دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون پر بات چیت کریں گے۔

پنٹاگون کی ڈپٹی پریس سکریٹری سبرینا سنگھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوے کہا،"وزیر دفاع آسٹن اور یوکرینی وزیر دفاع عمروف دو طرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کے مسائل اور امریکہ اور یوکرین کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔"

یہ بات چیت یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کی اتحادیوں سے مزید ہتھیاروں کے لیے اپنی درخواست کے اعادہ کے بعد ہورہی ہے۔ 

خیال رہے کہ روس کی طرف سے جنگ شروع کیے جانے کے بعد سے امریکہ یوکرین کو سب سے زیادہ فوجی مدد فراہم کرنے والا ملک ہے۔ اس نے سن 2022 سے اب تک کییف کو پچاس بلین ڈالر سے زیادہ کی فوجی مدد کی ہے۔

ج ا/ ص ز (اے ایف پی،روئٹرز)