1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوگا بریسٹ کینسر کے مریضوں کے لیے مفید، نئی تحقیق

19 مئی 2011

ایک امریکی تحقیق کے مطابق یوگا کرنے کی صورت میں بریسٹ کینسر کے مریضوں میں ذہنی تناؤ میں کمی کے علاوہ ان کے معیار زندگی میں بہتری آتی ہے۔

https://p.dw.com/p/11Jst
تصویر: DW

ٹیکساس یونیورسٹی کے ایم ڈی اینڈرسن کینسر سینٹر کے طبی ماہرین نے یہ تحقیق ایسی 163 خواتین پر کی جو بریسٹ کینسر کے باعث ریڈی ایشن تھیراپی کروا رہی تھیں۔ اوسطاﹰ 52 سال عمر کی ان خواتین میں ایسی بھی تھیں جن میں بریسٹ کینسر ابھی ابتدائی مراحل میں تھا اور ایسی بھی جن میں یہ بیماری اپنے انتہائی یعنی تیسرے درجے تک پہنچ چکی تھی۔

ان خواتین کو تین مختلف گروپوں میں تقسیم کردیا گیا۔ ان میں سے ایک گروپ سے یوگا کی ورزشیں کرائی گئیں، دوسرے گروپ سے پٹھے مضبوط کرنے والی عام ورزشیں یا ’اسٹریچنگ ایکسرسائز‘ جبکہ تیسرے گروپ میں شریک خواتین کوئی ورزش نہیں کر رہی تھیں۔

یوگا اور پٹھوں کی دیگر ورزشیں ایک ہفتے میں تین دن کرائی گئیں اور ان کا دورانیہ ایک گھنٹہ رکھا گیا۔ چھ ماہ کی ریڈی ایشن ٹریٹمنٹ کے دوران ایک ماہ، تین ماہ اور پھر چھ ماہ بعد ان خواتین سے ان کی صحت کے بارے میں پوچھا گیا۔ اس کے علاوہ ان کے دل کی کارکردگی جانچنے اور ان کے ذہنی تناؤ پیدا کرنے والے ہارمونز کے ٹیسٹ بھی کیے گئے۔

BDT Yoga gegen Krebs und AIDS
ٹیکساس یونیورسٹی کے ایم ڈی اینڈرسن کینسر سینٹر کے طبی ماہرین نے یہ تحقیق ایسی 163 خواتین پر کی جو بریسٹ کینسر کے باعث ریڈی ایشن تھیراپی کروا رہی تھیںتصویر: AP

یوگا یا اسٹریچنگ ایکسرسائز کرنے والی خواتین کے مطابق انہیں نسبتاﹰ کم تھکن کا احساس تھا بمقابلہ ان خواتین کے جو کوئی بھی ورزش نہیں کر رہی تھیں۔ تاہم وہ خواتین جو یوگا کر رہی تھیں، انہوں نے اپنی مجموعی صحت اور جسمانی کارکردگی کے بارے میں زیادہ بہتر احساسات کا اظہار کیا۔ مزید یہ کہ ان خواتین کا کہنا تھا کہ کینسر کے تجربے سے گزرنے کے باوجود ان کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔

یوگا کرنے والے گروپ کے خون میں پورے دن کے دوران کارٹیسول نامی ہارمون میں بھی کمی دیکھی گئی۔ محققین کے مطابق اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یوگا ذہنی تناؤ پیدا کرنے والے اس ہارمون کو قابو میں رکھنے میں مددگار ہے۔ ان طبی ماہرین کے مطابق کینسر کے مریضوں کے خون میں ذہنی تناؤ پیدا کرنے والے اس ہارمون کی مقدار اگر مسلسل زیادہ رہے، تو اس کے انتہائی خوفناک نتائج نکلتے ہیں۔

یہ تحقیق امریکی طبی مراکز پر کی گئی اور اس دوران یوگا ورزشوں کے لیے بھارتی شہربنگلور میں واقع معروف یوگا سینٹر ’سوامی ویوک نندا یوگا انوسندھانہ سمستھانہ‘ کی طرف سے ماہرین بھیجے گئے۔ اس تحقیق کے سربراہ لورینزو کوہن کے بقول متوقع طور پر یوگا کینسر کے مریضوں کو واپس نارمل زندگی کی طرف لانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے: ’’ مریضوں کو جسمانی اور ذہنی صحت بہتر کرنے کا کوئی طریقہ کار مثلاﹰ یوگا سکھانے سے ان میں زندگی کی طرف واپسی کا عمل آسان ہوسکتا ہے۔‘‘

گزشتہ ماہ جاری کی جانے والی ایک علیحدہ تحقیق کے مطابق دل کے امراض کی صورت میں یوگا کرنے سے دل کی بے قاعدہ دھڑکن کے واقعات آدھے رہ جاتے ہیں۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک