یہ ہیں دنیا کی بہترین تصاویر: سونی فوٹوگرافی ایوارڈ
جاپانی الیکٹرانک کمپنی سونی کی جانب سے ہر سال مختلف شعبوں میں بہترین تصاویر کو ایوارڈز دیے جاتے ہیں۔ رواں برس ایوارڈ پانے والی تصاویر میں جہاں دکھ اور تکلیف عیاں ہیں، وہیں خوبصورتی و دلکشی بھی دکھائی دیتی ہے۔
کھیل
چینی فوٹوگرافر یوئنگ پین کی اس تصویر میں دو بہنیں لوئی بنکنگ اور لوئی یوجی دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہ دونوں بہنیں انتہائی چھوٹی عمر سے روزانہ جمناسٹک کی تربیت حاصل کر رہی ہیں۔
قدرت کا نظارہ
برطانوی فوٹو گرافر ول بوراڈ لوکاس قدرتی مناظر اور جانوروں کی تصاویر شوق سے بناتے ہیں۔ لگڑ بگڑ کی یہ تصویر افریقہ کے سوانا کے جنگلات میں اتاری گئی۔
عام زندگی
جرمن فوٹو گرافر ساندرا ہوئنس نے بنگلہ دیش کے سب سے پرانے اور بڑے قحبہ خانے کا دورہ کیا۔ یہ تصویر اُسی دورے کے دوران بنائی گئی ہے۔ کنڈا پارا کے بند علاقے میں سات سو جسم فروش خواتین رہتی اور کام کرتی ہیں۔ بہت سے بچے اِسی ماحول میں پروان چڑھتے ہیں۔
ساکت زندگی
کولمبیا کے فوٹو گرافر ہینری آگودیلو اپنے ملک کی تاریک تاریخ کو تصویروں کے ذریعے بیان کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گزشتہ پچاس برسوں کے دوران سوا لاکھ سے زائد شہری غائب ہو چکے ہیں۔ کئی ناقابل شناخت لاشیں مل چکی ہیں۔ بہت سے مردہ جسموں پر نشانات یا ٹیٹو شناخت کے عمل میں مدد کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔
طرز تعمیر
چینی فوٹو گرافر ڈونگ نی کی تصاویر میں جدید شہروں کے طرزِ تعمیر کو موضوع بنایا گیا ہے۔ یہ تصویر ’اسپیس اینڈ دی سٹی‘ سیریز سے لی گئی ہے۔ انوکھے زاویوں سے اُتاری گئی ان تصاویر میں دائرے، مثلثیں اور چوکور اشکال ہی نظر آتی ہیں اور ایک شہر جیومیٹری کی اشکال تک محدود ہو کر رہ جاتا ہے۔
حالات حاضرہ اور خبریں
لیبیا کے خصوصی دستے کا ایک اہلکار داعش کے خلاف لڑائی میں وقفے کے دوران سستا رہا ہے۔ یہ تصویر نومبر 2016ء کی ہے اور اطالوی فوٹو گرافر الیسیو رومینزی بھی اس موقع پر سرت میں موجود تھے۔
قدرتی مناظر
بلیجیئم کے فوٹو گرافر فریدیرک بوئک نے البانیا میں سیاحت کے دوران یہ تصویر کھینچی تھی۔ اس تصویر میں انہوں نے یہ دکھانے کی کوشش کی ہے کہ کس طرح سردیوں کے اوّلین دنوں میں قدرتی نظارے تبدیل ہو جاتے ہیں۔
اہم موضوع
یہاں سعودی فوٹو گرافر تسنیم السلطان نے اپنے قدامت پسند معاشرے کے ایک پہلو کو تصویر کے ذریعے بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس تصویر میں ایک ماں اپنے بیٹے کے ساتھ دکھائی دے رہی ہے۔ یہ خاتون طلاق یافتہ ہے اور تنہا ہی اپنے بچے کی پرورش کر رہی ہے۔ سعودی عرب میں طلاق کے واقعات شاذ و نادر ہی سامنے آتے ہیں۔ طلاق یافتہ خواتین کو عام طور پر معاشرے سے الگ تھلگ کر دیا جاتا ہے۔
پورٹریٹ
روسی فوٹو گرافر گیورگ مائر نے ’روشنی‘ کے عنوان سے کئی تصاویر بنائی ہیں۔ اس تصویر میں انہوں نے ایک ایسی خاتون کو دکھانے کی کوشش کی ہے، جو ہر لحاظ سے مکمل نظر آتی ہے۔ مائر اپنی تصاویرمیں روشنی اور سائے کا اس طرح سے استعمال کرتے ہیں کہ اکثر ان کی ماڈلز غیر حقیقی دکھائی دیتی ہیں۔
تصوراتی فن
فوٹو گرافر سابینے کاتانیو نے ایک انتہائی حساس موضوع کو چھیڑا ہے۔ اس سوئس فوٹوگرافر کے مطابق، ’جھوٹی ہمدردی سے بچنے کے لیے، میں نے اس موضوع کی لوگوں کے بغیر ہی تصویر کشی کرنے کوشش کی‘۔ کاتانیو نے بتایا کہ یہ اُس گاڑی کی تصویر ہے، جس میں ایک جرمن جوڑے نے خود کشی میں تعاون فراہم کرنے والی ایک تنظیم کی مدد سے 2007ء میں سوئٹزرلینڈ میں اپنی جان لی تھی۔