1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے پہلے غیر ملکی کوچ کی تقرری

22 نومبر 2011

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مائیکی آرتھر کو آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ آسٹریلوی کرکٹ کی تاریخ میں وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے پہلے غیر ملکی بن گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13Eua
تصویر: picture-alliance/dpa

43 سالہ آرتھر  2015ء میں کرکٹ کے عالمی کپ مقابلوں تک اس عہدے پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ یہ عالمی کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں منعقد کیا جائے گا۔ آسٹریلیا میں کرکٹ کے نگراں ادارے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے آرتھر کو میلبورن اسٹیڈیم میں صحافیوں سے ملوایا گیا۔ آرتھر نے سابق آسٹریلوی کوچ ٹِم نیلسن کی جگہ لی ہے جو ستمبر میں دورہء سری لنکا کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔

میلبورن میں صحافیوں سے گفتگو میں مائیکی آرتھر نے کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے پہلے غیر ملکی کوچ ہیں، ’’ اصل میں تو آپ ایسے شخص کی تلاش میں ہوتے ہیں، جسے آپ ایک کام کے لیے مناسب ترین خیال کرتے ہیں، قومیت سے بالاتر ہوکر۔‘‘ انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ وہ آسٹریلیا میں مستقل شہریت حاصل کرنے کے متمنی ہیں۔ کرکٹ کی دنیا میں آسٹریلیا کا کھویا ہوا مقام بحال کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے لیے مستقل مزاجی اور بالخصوص نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینے کی ضرورت ہے۔

آسٹریلوی میڈیا میں ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ سابق کپتان رکی پونٹنگ کے بشمول بعض دیگر سینئر کھلاڑیوں کو بھی فارغ کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

Flash-Galerie Cricket WM 2011 Australien
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 2007ء کے عالمی کپ کی ٹرافی کے ہمراہ خوشی کا جشن مناتے ہوےتصویر: AP

آرتھر سے قبل نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے سٹیو ریکسن کو آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے آئیڈیل خیال کیا جا رہا تھا۔ سٹیو ریکسن اس وقت آسٹریلوی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ ہیں۔ مائیکی آرتھر کی بطور آسٹریلوی کوچ تعیناتی دراصل آسٹریلوی کرکٹ بورڈ میں اصلاحات کے ایک جامع سلسلے کی کڑی ہے۔ اسی سلسلے میں آسٹریلوی رگبی ٹیم کے سابق قومی کھلاڑی پیٹ ہاؤورڈ کو کرکٹ آسٹریلیا کا جنرل مینیجر مقرر کیا گیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر جان انویریٹی کو مقرر کیا گیا ہے حالانکہ امید تھی کہ کریگ چیپل کو یہ عہدہ دیا جائے گا۔

آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک اور کوچ مائیکی آرتھر بھی سلیکشن کمیٹی میں شامل رہیں گے۔        

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت     : ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں