1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’آفریدی کو نیچا دکھانے کے لیے کھلاڑی ہارنے کو تیار تھے‘

12 اکتوبر 2011

برطانیہ میں جاری کرکٹ کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے متعلق عدالتی سماعت میں انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ بتایا گیا کہ چند پاکستانی کرکٹرز ایک روزہ میچوں کے کپتان شاہد خان آفریدی کو نیچا دکھانے کے لیے میچز ہروانے پر تیار تھے۔

https://p.dw.com/p/12qO5
تصویر: AP

لندن میں ساؤتھ وارک کراؤن کی عدالت کو بتایا گیا کہ چند کھلاڑی چاہتے تھے کہ سلمان بٹ ایک روزہ میچوں کی بھی کپتانی کریں تاکہ وہ سٹے بازی کے ذریعے خوب دولت کمائیں۔ یہ بیانات لندن میں مقیم بعض پاکستانی کرکٹرز کے ایجنٹ مظہر مجید کے حوالے سے عدالت کے سامنے پیش کیے گئے۔

عدالت کو اُس واقعے کے بارے میں بھی بتایا گیا، جب ایک خفیہ بھارتی شخص نے قریب ساڑھے دس لاکھ ڈالر کے عوض یہ مطالبہ کیا تھا کہ پاکستانی کرکٹرز انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی جیتی بازی کو ہار میں بدل دیں۔ یاد رہے کہ اوول میں کھیلا گیا یہ میچ پاکستان نے چار وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

Cricket Testspiel Pakistan gegen England Oval Stadion
جولائی 2010ء کے دورہء انگلینڈ میں سپاٹ فکسنگ کا اسکینڈل سامنے آیا تھاتصویر: picture-alliance/empics

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور تیز گیند باز محمد آصف پر چل رہے اس مقدمے کے دوران مظہر مجید اور سابق برطانوی روزنامے نیوز آف دی ورلڈ کے خفیہ رپورٹر مظہر محمود کی ملاقات کی ویڈیو دکھائی گئی۔ ان دو پاکستانی کھلاڑیوں اور نوجوان گیند باز محمد عامر پر الزام ہے کہ انہوں نے بھاری رقوم کے عوض کھیل کے تقدس کو پامال کیا اور جواریوں کے کہنے پر ایک مخصوص وقت پر دانستہ طورپر ’نو بالز‘ کروائیں۔

پاکستانی کھلاڑی ان الزامات کو سازش اور دھوکے کا نام دے کر مسترد کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مظہر مجید ایک لاکھ چالیس ہزار برطانوی پاؤنڈ کی رقم مظہر محمود سے وصول کرتے ہوئے اُسے بتاتا ہے کہ اگلے میچوں میں پاکستانی بولرز وہ کچھ کریں گے، جو اسے پہلے سے پتہ ہے۔ ایک روزہ اورٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز کے کپتان شاہد آفریدی کے خلاف ان کھلاڑیوں کی گروپ بندی سے متعلق اس ویڈیو میں کہا جاتا ہے کہ چونکہ آفریدی ان کے معاملات بگاڑ دے گا اسی لیے وہ اُسے کپتانی سے ہٹوانا چاہتے ہیں۔ مظہر کے بیان میں کامران اکمل کا بھی تذکرہ کیا گیا۔

Ijaz Butt Pakistan Cricket
اعجاز بٹتصویر: AP

برطانیہ میں اس مقدمے کی سماعت بدھ کو بھی ہوگی۔ واضح رہے کہ مظہر مجید اور محمد عامر الزامات کے باوجود اس مقدمے کا سامنا نہیں کر رہے جبکہ سلمان بٹ اور محمد آصف مقدمے کی سماعت میں موجود ہیں۔

دریں اثنا پاکستان کرکٹ سے متعلق تازہ پیشرفت کے مطابق ملکی صدر آصف علی زرداری نے کرکٹ بورڈ کے متنازعہ چیئرمین اعجاز بٹ کی جگہ ذکاء اشرف کو یہ ذمہ داری دے دی ہے۔ ذکاء اشرف نے پیشہ ور کرکٹ نہیں کھیلی بلکہ وہ حکمران پیپلز پارٹی کے ایگزیکیٹیو کمیٹی کے رکن اور زرعی ترقیاتی بینک کے سابق صدر ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کرکٹ کی ساکھ بہتر کرنے کے لیے وہ انتھک محنت کریں گے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں