1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آفریدی کی تباہ کن واپسی، پاکستان کی ایک اور جیت

12 نومبر 2011

پاکستان نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر سے شکست دینے کے بعد اب پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھی اسے آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/139SX
شاہد خان آفریدی کی واپسی تباہ کن رہیتصویر: AP

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جمعہ کے دن کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور تمام ٹیم 40.3 اوورز میں 131رنز بنا کر ہی ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی ٹیم نے عمران فرحت اور یونس خان کی نصف سنچریوں کی بدولت 132 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 21.5 اوورز میں ہی مکمل کر لیا۔

دبئی کرکٹ گراؤنڈ کی وکٹ بلے بازی کے لیے کچھ پیچیدہ تھی اور وہاں اسٹروک کھیلنا کوئی آسان نہیں تھا۔ لیکن محتاط اور ذمہ دارانہ بلے بازی کے بجائے سری لنکا کے بلے بازوں کی ’اسٹروک سیلکشن‘ انتہائی بری رہی۔ پاکستانی بولرز نے انتہائی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گراتے رہے۔ مبصرین کے بقول اس وکٹ پر رک کر کھیلنا چاہیے تھا اور بری گیند کا انتظار کرنا چاہیے تھا لیکن سری لنکن بلے بازوں نے انتہائی عجلت کا مظاہرہ کیا۔

BdT Pakistan Cricket Younis Khan
یونس خان نے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیتصویر: AP

سری لنکا کی طرف سے کامیاب ترین بلے باز چندی مل رہے۔ انہوں نے اٹھائیس رنز بنائے اور شاہد خان آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ دیگر بلے بازوں میں تھرنگا 25 جبکہ جے وردنے 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر اپنی مختصر ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں جلوہ گر ہونے والے اسٹار کھلاڑی شاہد خان آفریدی رہے۔ انہوں نے 9.3 اوورز میں ستائیس رنز دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔ شاہد خان آفریدی کو ان کی بہترین بولنگ کی وجہ سے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سعید اجمل اور محمد حفیظ نے دو دو جبکہ اعزاز چیمہ اور عبدالرزاق کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پاکستانی ٹیم نے جب اس آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر محمد حفیظ پانچ رنز کے انفرادی اسکور پر جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ تاہم بعد ازاں عمران فرحت اور یونس خان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے ہی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ان دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 103 رنز بنائے۔ عمران فرحت پچاس کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ یونس خان نے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں اب پاکستان کو ایک صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔ اس سیریز کا دوسرا میچ چودہ نومبر کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں