اب بات جسم سے آگے بڑھ چکی ہے
8 مارچ 2021جسم کا لفظ آتے ہی شاید پورن ویڈیوز کے مناظر ان کے ذہن میں چلنے لگتے ہیں جبکہ کہنے والے کیا کہنا چاہتے ہیں اس پر صفحوں کے صفحے لکھ دیے گئے ہیں لیکن یہ بھی ایسے دھن کے پکے ہیں کہ بپاشا باسو کی مووی یا سنی لیونی کے کریکٹر کو ہی سوچیں گے۔
لیکن مسئلہ صرف جسم اور مرضی کا نہیں ہے۔ یہ ہمیشہ سے مدمقابل شخص کی انفرادیت و اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اسے اپنی سمجھ بوجھ کے حساب سے فیصلے لینے کی آزادی دینے کا معاملہ ہے۔
آپ سے تو اپنے خیالات کا اظہار کرتی ہوئی عورت بھی برداشت نہیں ہوتی اور ہوتا یہ ہے کہ آپ خاتون ہیں، سوشل میڈیا پر ایکٹو ہیں، منہ سر لپیٹے بغیر آپ کی تصویر ان کے سامنے ہے، یہ آپ کی تحریر پڑھیں گے نہیں بلکہ صرف شکل دیکھیں گے۔ نارسائی کا دکھ ٹھاٹھیں مارے گا اور چاہے بات ان کے حق میں کی گئی ہو۔ یہ جاننے کی زحمت کیے بغیر گالیاں دیں گے۔ اپنی فرسٹریشن نکالیں گے اور آگے بڑھ جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: صرف عورت آزادی مارچ یا کوئی عملی کام بھی؟
انہیں اندازہ بھی نہیں ہوتا کہ خواتین کے حقوق کی بات کرنے والے اگر عشروں سے یہ سب نہ کر رہے ہوتے تو ان کی عورتوں کو ووٹ کا حق، صحت کی سہولیات اور معاشی طور پر فعال ہونے کا حق بھی حاصل نہ ہو سکتا۔
ابھی یہ کووڈ کی صورت حال ہی دیکھ لیں، جب ہر طرف معاشی بحران کی وجہ سے کاروبار بند اور ملازمتیں ختم ہو گئیں تو یہ عقل میں کم اور فرائض کے بوجھ تلے دبی صفر حقوق کے ساتھ والی عورت نے آن لائن بزنس شروع کیے۔
کوئی کپڑے بیچ رہی ہے، کوئی جیولری، کوئی گھریلو استعمال کی چیزیں، کسی نے کھانا پکانے کا چینل بنا لیا تو کسی نے میک اپ اور سیلف گرومنگ کے بارے میں معلومات دینا شروع کردیں۔
اس سے ہونے والی انکم کا فائدہ کیا صرف انہیں ہوا؟ کیا وہ گھر کی معاشی حالت کو سنوارنے میں مددگار ثابت نہیں ہوئیں؟ کیا وہ آپ کی پریشانیوں کو کم کرنے کا باعث نہیں بنیں۔
اب ذرا لمحہ بھر کو سوچیں۔ آپ انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ نہ ہونے دیتے۔ انہیں بنیادی تعلیم میسر نہ ہونے دیتے۔ انہیں عورت ہو عورت رہو کہہ کر سوچنے سمجھنے اور کچھ کر گزرنے کی ہمت کرنے پر وہی رویہ رکھتے، جو آپ دوسری نسبتاً زیادہ آزاد عورتیں کے لیے رکھتے ہیں۔ تو آپ اور آپ کے بچے اس مصیبت میں کیسے گزارا کرتے۔
یہ بھی پڑھیے:جسم وزیراں کا لیکن مرضی ’غیرت مندوں‘ کی
اب آپ کو سمجھ آ جانا چاہیے کہ میرا جسم اور میری مرضی صرف عورت کے جنسی فعل کی آزادی مانگنا نہیں رہا۔ صرف حمل رکھنے اور گرانے تک بھی محدود نہیں ہے۔ کپڑے پہننے نہ پہننے کی بات بھی نہیں۔ یہ تو آپ کے لیے بھی اتنا ہی اہم ہے کہ آپ مرد ہیں یا خواجہ سرا آپ کو کیوں کسی طاقت ور کے سامنے اپنا آپ سرینڈر کرنا پڑے۔
آپ اپنے پارٹنر کو کسی بھی طرح کے ماحول اور موڈ میں اگر منع کرتے ہیں تو وہ بھی اس انکار کا احترام کرے۔ آپ اگر دو بچوں سے زیادہ بچے پیدا کرنے کے حق میں نہیں ہیں تو معاشرے میں کسی کو یہ اجازت نہیں ہونا چاہیے کہ وہ آپ کو جوڑیاں پوری کرنے کے چکر میں دباؤ ڈالتا رہے۔
آپ داڑھی رکھیں یا کلین شیو رہنا چاہیں۔ آپ پینٹ شرٹ یا شلوار قمیض میں ملبوس رہنا چاہیں تو کوئی آپ کو ہر وقت یہ بتانے یا حکم چلانے کو موجود نہ ہو کہ یہ نہیں تو وہ کرو وہ نہیں تو یہ کرو۔ آپ کے جسم پر آپ کا ذاتی اختیار ہونا تو ضروری ہے نا۔ جب آپ ان باتوں سے ماورا ہوتے ہیں تو جو بھی کام کرتے ہیں زیادہ بہتر طور پر کر پاتے ہیں۔ بس ہم عورتیں بھی یہ ہی احساس چاہتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:میرا جسم اور تمہاری خوش گمانیاں
گزارش ہے کہ آپ ہمیں گالیاں نہ دیں، ہمارا ساتھ دیں کہ یہ آپ کی بیٹیوں، بہنںوں اور ماؤں کے بہتر سے بہتر مستقبل کی جدوجہد ہے۔ انہیں معاشی اور سماجی طور پر خود مختار کرنے کی جنگ ہی نہیں بلکہ یہ آپ کو بھی طاقت ور کے سامنے ڈٹ جانے اور اپنے حقوق حاصل کرنے کا سبق دینے کی کوشش ہے۔
بات اب جسم اور مرضی سے بہت آگے جا چکی ہے آپ اس لکیر کو پیٹتے رہیے ہمارا قافلہ ملک و قوم کی مجموعی ترقی تک تھمنے کا نہیں۔