افغانستان سے نکلنے والے امریکی فوجیوں کی تعداد کا اعلان جلد متوقع
6 جون 2011پینٹاگون کے چیف کے عہدے سے دست بردار ہونے سے پہلے رابرٹ گیٹس نے پہلی بار یہ بیان اپنے افغانستان کے الوداعی دورے کے دوران دیا۔ قندھار میں اپنے فوجیوں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ صدر اوباما بہت جلد یہ اعلان کرنے والے ہیں کہ آئندہ ماہ افغانستان سے کتنے امریکی فوجی اپنے ملک لوٹیں گے۔ جولائی میں ہی بین الاقوامی فوج ملک کے سات مختلف علاقوں کی سکیورٹی کی ذمہ داری افغان آرمی کے سپرد کر دے گی۔ اطلاعات کے مطابق امریکی فوج کے انخلاء کے پہلے مرحلے میں افغانستان چھوڑنے والے فوجیوں کی تعداد چند ہفتے پہلے تک کے منصوبوں سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
مجوزہ منصوبے کے مطابق 2014 ء کے اواخر تک افغانستان سے تمام غیر ملکی جنگی دستوں کے انخلاء کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ افغانستان کے اپنے بارہویں اور آخری دورے پر امریکی وزیر دفاع نے کہا ’اس وقت دو اہم معاملات غور طلب ہیں۔ ایک یہ کہ جولائی کے ماہ میں کتنے امریکی فوجیوں کو افغانستان سے ملک واپس بھیجا جائے گا۔ دوسرے یہ کہ ان فوجیوں کے انخلاء کے بعد افغانستان میں سکیورٹی کی کیا صورتحال پیدا ہوگی‘۔ تاہم گیٹس نے امید ظاہر کی کہ اس سلسلے میں نہایت ذمہ دارانہ فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے امریکہ لوٹتے ہی ان معاملات پر بات چیت کے امکانات ہیں۔
امریکہ میں عوامی سطح پرافغانستان کی جنگ کی مخالفت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی کانگریس میں بھی اس بارے میں اب بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔ ان حالات میں صدراوباما پر افغانستان سے واپس اپنے ملک بلائے جانے والےامریکی فوجیوں کی تعداد کے بارے میں فیصلے کا دباؤ بھی غیر معمولی حد تک بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ ماہ پاکستان میں چھپے ہوئے القاعدہ کے لیڈر اسامہ بن لادن پر اسپیشل امریکی فورس SEALs کے حملے کے بعد سے امریکی فوج کے جلد اور بڑی تعداد میں انخلاء کا مطالبہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اُس امریکی آپریشن میں اسامہ بن لادن مارا گیا تھا۔
پیر کو نیویارک ٹائمز میں چھپنے والی ایک رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں امریکی قومی سلامتی کے امور سے متعلق مشیروں کا افغانستان سے فوجی انخلاء کے بارے میں صلاح و مشورہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق بن لادن کی ہلاکت کے بعد گزشتہ چند ہفتوں کے دوران امریکی فوج کے انخلاء کے سلسلسے میں فوجیوں کی جتنی تعداد کے بارے میں بات چیت کی جا رہی تھی، اُس سے کہیں زیادہ تعداد میں امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کے بارے میں امریکی حکام غورو خوض کر رہے ہیں۔ امریکی صدر ماہ رواں میں فوجی انخلاء کے بارے میں حتمی اعلان قوم سے اپنے خطاب کے دوران کریں گے۔
رپورٹ: کشور مصطفیٰ
ادارت: امجد علی