افغانستان میں دو وزراء کے خلاف کرپشن کی تحقیقات
23 نومبر 2009افغان میڈیا پر ملکی وزراء کی طرف سے کرپشن کے خلاف تحقیقات سے متعلق رپورٹیں تو گزشتہ ہفتے سے ہی دیکھی جا رہی تھیں، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ کسی اعلیٰ حکومتی شخصیت نے ان خبروں کی تصدیق کی ہے کہ ملکی کابینہ میں شامل دو وزراء کے خلاف بدعوانی میں ملوث ہونے کے الزام میں باقاعدہ چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔
افغان ڈپٹی اٹارنی جنرل فقیر یار نے بتایا کہ اگر یہ وزراء ان تحقیقات کی تکمیل میں تعاون نہیں کریں گے تو ’’دیگر قانونی طریقے‘‘ بھی بروئے کار لائے جائیں گے۔
گزشتہ ہفتے دوسری مدت کے لئے عہدہ صدارت سنبھالنے والے افغان صدر حامد کرزئی نے اپنی حلف برداری کے بعد اعلان کیا تھا کہ افغانستان سے بدعنوانی کا خاتمہ ان کی حکومت کی پہلی ترجیح ہو گی۔ 20 اگست کے صدارتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلیوں اور بے ضابطگیوں کے الزامات کے بعد کرزئی پر کرپشن کے خاتمے کے لئے عالمی دباؤ میں اور بھی اضافہ ہو گیا تھا۔ صدر کرزئی نے اپنی حلف برداری کی تقریب میں ہی اس عہد کا اعادہ کیا تھا کہ ان کی نئی حکومت ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے ہر ممکن کوششیں کرے گی۔
چند روز قبل عالمی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اپنی سالانہ رپورٹ میں افغانستان کو دنیا کے کرپٹ ترین ممالک میں سے ایک قرار دیا تھا۔
افغانستان کے نائب اٹارنی جنرل نے ان وزراء کے نام تو ظاہر نہیں کئے تاہم انہوں نے کہا کہ صدر کرزئی کی ہدایت پر کمیشن برائے انسداد بدعنوانی نے اپنا کام شروع کر دیا ہے اور یہ ادارہ ان دو وزراء کے علاوہ دیگر کئی حکومتی اہلکاروں کے خلاف بھی بدعنوانی کے الزامات میں تفتیش کر رہا ہے۔
دریں اثناء افغانستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہونے والے مختلف خونریز واقعات میں چار امریکی اور تین افغان فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ امریکی فوج کے مطابق دو فوجی جنوبی افغانستان میں سڑک کے کنارے نصب ایک بم پھٹنے سے ہلاک ہوئے جبکہ ایک فوجی عسکریت پسندوں کی براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنا۔ افغان وزرات دفاع نے اس واقعے میں اپنے تین فوجیوں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کر دی ہے۔ اس کے علاوہ مشرقی افغانستان میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں بھی ایک امریکی فوجی ہلاک ہو گیا۔ افغان وزارت دفاع سے جاری ہونے والے ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوب مشرقی افغانستان میں طالبان جنگجوؤں کے ایک حملے میں چھ افغان فوجی شدید زخمی بھی ہوگئے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : مقبول ملک