امریکی ارب پتیوں کا آدھی دولت عطیہ کرنے کا اعلان
5 اگست 2010معروف امریکی میگزین ’فوربس‘ کے تخمینے کے مطابق ان اعلان کردہ عطیہ کی جانے والی رقم کم از کم ڈیڑھ سو ارب ڈالر بنتی ہے۔ فلاحی کاموں کے لئے اپنی دولت عطیہ کر دینے کے اس مہم میں نیو یارک کے میئر مائیکل بلومبرگ، میڈیا کی انتہائی طاقتور شخصیات بیری ڈِلر اور ٹیڈ ٹرنر، اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن، سٹار وارز فلمیں بنانے والے جارج لوکاس اور توانائی کے کاروبار کے شہنشاہ ٹی بونی پکنس بھی شامل ہیں۔
مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور معروف سرمایہ کار وارین بفٹ سمیت امریکہ کے 40 امیرترین افراد اپنی دولت عطیہ دینے کی مہم میں شامل ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔
رواں برس جون میں اس مہم کے آغاز سے لے کر اب تک بل گیٹس، ان کی اہلیہ میلنڈا اور وارین بفٹ امریکہ کے قریب 20 فیصد ارب پتی شہریوں سے مل چکے ہیں، جن کی تعداد 70سے لے کر 80 تک بنتی ہے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد ان ارب پتیوں کو اس امر کا قائل کرنا تھا کہ وہ اپنی دولت فلاحی کاموں کے لئے دینے کا اعلان کریں۔
وارین بفٹ کے مطابق، ’’بہت سے معاملات میں یوں لگا کہ لوگ پہلے سے ہی فلاحی کاموں میں حصہ لینے کی طرف مائل ہیں۔ اس مقصد کے لئے بہت زیادہ تگ و دو کی ضرورت نہیں پڑی اور 40 لوگ اس مہم میں شریک ہوگئے۔‘‘ امریکی سرمایہ کار بفٹ کا مزید کہنا ہے کہ اب وہ اس مہم میں شریک ان 40 لوگوں کو اس بات کا قائل کریں گے کہ وہ اپنے حلقہ اثر میں اس مہم کو آگے بڑھائیں اور مزید لوگوں کو اس میں شامل کریں۔
بل گیٹس اور وارین بفٹ کی طرف سے شروع کی گئی اس مہم کا مقصد دراصل امریکی ارب پتیوں کو اس بات پر تیار کرنا ہے کہ وہ اپنی زندگی یا موت کے بعد اپنی جائیداد کا کم سے کم آدھا حصہ عطیہ کر دیں اور اس فیصلے کا عوامی سطح پر اعلان بھی کریں۔
گیٹس کے کل اثاثوں کا اندازہ 53 ارب ڈالر ہے اور وہ دنیا کے دوسرے امیر ترین فرد ہیں جبکہ بفٹ اپنے 47 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ گیٹس اور بفٹ اب چین اور بھارت کے ارب پتی افراد سے بھی ملاقاتوں کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ انہیں بھی اپنی دولت فلاحی کاموں کے لئے عطیہ کرنے پر آمادہ کر سکیں۔
مائیکروسافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس اور ان کی بیوی میلنڈا نے ’بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن‘ نامی ایک فلاحی ادارہ بھی قائم کر رکھا ہے۔ دونوں اس ادارے کواب تک 28 ارب ڈالر دے چکے ہیں جبکہ وارین بفٹ نے سال 2006ء میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی 99 فیصد دولت اس فلاحی ادارے کو عطیہ کر دیں گے۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: مقبول ملک