امریکی انخلاء: افغانستان کے ہمسائیوں کو نئے مہاجرین کا خوف
1 جنوری 2019خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکا کی طرف سے اس اچانک فیصلے کے تناظر میں افغانستان کے اُن ہمسایہ ممالک کے سفارت کاروں نے ایسے خدشات کا اظہارکیا ہے، جو کابل میں امریکی حکام کے ساتھ مذاکرات میں شریک رہے۔ ان سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ممکنہ طور پر سرحدی کنٹرول میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
کابل میں تعینات ایک سینیئر سفارت کار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا، ’’ابھی تک تو انخلاء کے بارے میں صورتحال واضح نہیں ہے، لیکن ہمیں ایک واضح ایکش پلان تیار رکھنا ہو گا۔‘‘ اس سفارت کار کا مزید کہنا تھا، ’’ صورتحال تیزی سے بد سے بدتر ہو سکتی ہے‘‘۔
وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی تک پینٹاگون کو افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا حکم جاری نہیں کیا۔ تاہم امریکی حکام نے ان رپورٹوں کی بھی تردید نہیں کی کہ امریکا افغانستان میں تعینات اپنے کُل 14 ہزار فوجیوں میں سے نصف کو واپس بلانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
یہ خبریں ایک ایسے وقت میں سامنے آئی تھیں جب افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کے سلسلے میں امریکی خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے طالبان کے نمائندوں کے ساتھ گزشتہ ماہ ملاقاتیں کی تھیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔
روئٹرز کے مطابق علاقائی طاقتوں مثلاﹰ ایران اور پاکستان کے علاوہ روس کا بھی ایک طویل عرصے سے یہ خیال ہے کہ امریکا افغانستان میں مستقل فوجی اڈے برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ مبصرین کے مطابق امریکا کی افغانستان سے اچانک واپسی کی کوئی مناسب وجہ موجود نہیں۔
انٹرنیشنل کرائسز گروپ سے تعلق رکھنے والے ایک ماہر گریم اسمتھ کے بقول، ’’امریکا کی ممکنہ واپسی کی خبر، علاقے میں ایک محتاط پر امیدی کی وجہ تو ہو سکتی ہے مگر اس طرح اچانک واپسی وہ بھی نہیں چاہتے۔‘‘ اسمتھ مزید کہتے ہیں، ’’تمام فریق یہ بات جانتے ہیں کہ اچانک واپسی سے ایک نئی خانہ جنگی شروع ہو سکتی ہے جو علاقے کو غیر مستحکم کر سکتی ہے۔ ہمسائے سرپرائز کو پسند نہیں کرتے اور واشنگٹن کی جانب سے غیر یقینی سگنلز ان میں پریشانی پھیلا رہے ہیں۔‘‘
پاکستان نے افغانستان کے ساتھ اپنی 1400 کلومیٹر طویل سرحد پر باڑ لگانے کا کام پہلے سے ہی شروع کر رکھا ہے اور اس سرحد پر 50 ہزار پیراملٹری اہلکار بھی تعینات ہیں۔ دوسری طرف افغانستان میں کسی ممکنہ افراتفری کی صورت میں پاکستان کا رُخ کرنے والے نئے مہاجرین کے حوالے سے بھی تیاری کی جا رہی ہے۔
ایک پاکستان اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا، ’’افغان مہاجرین کی نئی ممکنہ لہر سے نمٹنے کے لیے سرحد کے قریب ہی کیمپ قائم کیے جائیں گے اور انہیں پاکستان میں غیر قانونی طور پر گھر حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘
ایران سے حالیہ کچھ عرصے کے دوران بڑی تعداد میں ایسے افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیج دیا گیا جو بغیر اندراج کے وہاں رہائش پذیر تھے، تاہم کابل میں تعینات ایرانی حکام نے اب کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کی واپسی کی صورت میں یہ صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔
ایک ایرانی اہلکار نے روئٹرز سے اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہم افغان حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ افغانوں کا ایران میں داخلے کا راستہ روکا جائے۔ ہم انہیں روکنے کے لیے تشدد کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہتے، لیکن اچانک امریکی انخلاء سے صورتحال بحران کا شکار ہو جائے گی۔‘‘
ا ب ا / ک م (روئٹرز)