1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتایشیا

امریکی ریاست انڈیانا کے گورنر بھی اب تائیوان کے دورے پر

22 اگست 2022

امریکی ریاست انڈیانا کے ریپبلکن گورنر نے آج سے تائیوان کا اپنا دورہ شروع کیا ہے اور خود مختار جزیرے کی صدر سے ملاقات کی ہے۔ اسپیکر نینسی پیلوسی کے ایک اعلیٰ سطحی دورے پر تنازعے اور کشیدگی کے بعد ان کا یہ دورہ ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/4Fqtz
USA | Indiana | Governeur Eric Holcomb
تصویر: Darron Cummings/Ap Photo/picture alliance

امریکی ریاست انڈیانا کے ریپبلکن گورنر ایرک ہولکمب نے پیر سے تائیوان کا چار روزہ دورہ شروع کیا ہے۔ صبح پہنچتے ہی انہوں نے تائیوان کی صدر سائی انگ وین سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں بتایا کہ امریکہ اور تائیوان سیکورٹی اور اقتصادی امور میں ایک دوسرے کے اہم اتحادی ہیں۔ 

تائیوان کی صدر نے تائی پے میں اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران انڈیانا کے گورنر سے کہا، ''تائیوان کو آبنائے تائیوان کے اندر اور اس کے آس پاس چین کی جانب سے عسکری خطرات کا سامنا ہے۔''

ان کا مزید کہنا تھا، ''اس وقت، جمہوری اتحادیوں کو ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور انہیں اپنے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔''

انڈیانا کے ریپبلکن گورنر ایرک ہولکمب کی اپنے اس دورے کے دوران زیادہ توجہ اقتصادی تبادلے پر ہے، خاص طور پر سیمی کنڈکٹرز کے اہم شعبے میں تعاون کے حوالے سے۔

حالیہ ہفتوں میں امریکی سیاست دانوں کی جانب سے تائیوان کا یہ تیسرا ہائی پروفائل دورہ ہے۔ امکان ہے کہ دوسرے دوروں کی طرح ہی بیجنگ کی طرف سے اس پر بھی امریکہ کی سرزنش اور مذمت کی جائے گی۔

ہولکمب کے دورے کا پس منظر کیا ہے؟

ہولکمب کا یہ دورہ تائیوان ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب چین اور امریکہ کے درمیان شدید کشیدگی کا ماحول ہے۔ اس کی ابتدا امریکی ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے اس ماہ کے اوائل میں دورہ تائیوان سے ہوئی تھی۔

گزشتہ ہفتے ہی تائیوان کی صدر سائی انگ وین نے تائی پے کے دورے پر آئے امریکی کانگریس کے پانچ رکنی وفد سے ملاقا ت کی تھی۔ امریکی کانگریس کا یہ وفدایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے تائیوان کے متنازعہ دورے کے 12دن بعد تائی پے پہنچا تھا۔ اس کا مقصد ''تائیوان کے لیے امریکی حمایت کی مزید توثیق ''بتایا گیا تھا۔

Taiwan | Militärübungen
تصویر: Annabelle Chih/Getty Images

تائیوان کی صدر سائی انگ وین اور وزیر خارجہ جوزف وو نے امریکی ایوان کانگریس کے وفد کو تائیوان آنے کی دعوت بھی دی تھی۔

پیلوسی گزشتہ 25 سالوں میں تائیوان کا دورہ کرنے والی امریکی حکومت کی اعلیٰ ترین رکن تھیں۔ بیجنگ تائیوان کو اپنی ہی سرزمین کا حصہ سمجھتا ہے اور امریکی مداخلت پر سخت قسم کی وارننگ دیتا رہا ہے۔

تاہم تائیوان بیجنگ کے ان علاقائی دعوؤں کو مسترد کرتا ہے اور وہ اپنے آپ کو ایک جمہوری اور خود مختار ریاست کہتا ہے۔

پیلوسی کے دورے کے بعد چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے کئی دنوں کی لائیو فوجی مشقیں کی تھیں، جس سے تائی پے کو مجبوراً اپنی پروازیں منسوخ کرنی پڑیں تھیں۔ چینی جنگی طیاروں کو بھی آبنائے تائیوان میں تفتیش کے لیے بھیجا گیا تھا۔

رد عمل کے طور پر چین نے تائیوانی شخصیات پر ویزا پابندیاں بھی عائد کی تھیں، تاہم اس کے اثرات کیا مرتب ہوئے وہ ابھی تک واضح نہیں ہیں۔

امریکہ تائیوان کو ہتھیار فروخت کرتا ہے اور امریکی سیاست دان تائیوان کا دورہ کرنے کے ساتھ ہی حکومت کے ساتھ بات چیت بھی کرتے رہتے ہیں۔ چین کا الزام ہے کہ امریکہ اپنی ان حرکتوں سے جزیرے کی آزادی کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔

ص ز/ ج ا (اے پی، روئٹرز)

چین کی تائیوان کے قریب فوجی مشقیں، تائیوانی ماہی گیر خوفزدہ

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید