امپائر کے فیصلے پر ناپسندیدگی، بھارتی کھلاڑی کو جرمانہ
22 جون 2011بھارتی قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں ویسٹ انڈیز کے دورے پر ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا ہے۔ کنگسٹن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ کونسل آئی سی سی نے آج بدھ کے روز بتایا کہ مشرا کا رویہ درست نہیں تھا اور اس لیے انہیں جرمانہ کیا گیا ہے۔
اس میچ میں امپائر نے مشراکو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہونےکا فیصلہ دیا تھا لیکن امیت مشرا نے امپائر کے اس فیصلے کے بعد واپس پویلین جانے میں کافی دیر لگا دی اور اس دوران کریز پر ہی کھڑے رہے۔
اس میچ میں امپائرز کی طرف سے اس بھارتی لیگ سپنر پر لگائے جانے والے الزامات میں یہ بھی کہا گیا کہ مشرا نے کریز چھوڑنے سے پہلے اپنے بازو پر پہنے ہوئے آرم گارڈ کی مدد سے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے امپائر کے خلاف اشارہ بھی کیا تھا۔
امپائر کی اس شکایت کے بعد آئی سی سی کے میچ ریفری جیف کرو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ بیٹسمین آؤٹ ہونے کے بعد کریز چھوڑنے کے لیےاب بہت زیادہ وقت لینے لگے ہیں۔ ان کی طرف سے ناپسندیدگی کا اظہار چاہے قابل فہم بھی ہو، یہ امپائرز کے حوالے سے احترام کی کمی کا اشارہ بہر حال دیتا ہے۔‘‘
جیف کرو کے مطابق ICC کے کوڈ میں واضح طور پر لکھا ہے کہ ایسا کوئی بھی رویہ ناقابل قبول ہے۔ آئی سی سی کے اس بیان کے مطابق یہ واقعہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پیش آیا ۔ کل منگل کو دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر مشرا کو جرمانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جسے آئی سی سی کے بیان کے مطابق امیت مشرا نے اپنی غلطی قبول کرتے ہوئے تسلیم بھی کر لیا ہے۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: امجد علی