1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انا ہزارے پندرہ دن کی بھوک ہڑتال پر رضا مند

18 اگست 2011

انسداد بدعنوانی کے لیے کام کرنے والے بھارتی سماجی کارکن انا ہزارے اور پولیس کے مابین ڈیل ہو گئی ہے، اب ہزارے نئی دہلی کے ایک عوامی پارک میں دو ہفتوں کے لیے بھوک ہڑتال کر سکیں گے۔

https://p.dw.com/p/12IbR
انا ہزارےتصویر: UNI

مہاتما گاندھی کی تعلیمات سے متاثر بھارتی بزرگ سماجی کارکن انا ہزارے کے ایک قریبی ساتھی نے تصدیق کی ہے کہ پولیس نے انا ہزارے کو نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں پندرہ دنوں کی بھوک ہڑتال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

انا ہزارے اور پولیس کے مابین رات گئے ہونے والی اس ڈیل کی اطلاع عام ہونے کے بعد ہزارے کے سینکڑوں حامیوں نے خوشیاں منائیں اور رات بھر نئی دہلی میں جھومتے اور گاتے رہے۔ اطلاعات کے مطابق 74 سالہ انا ہزارے آج یعنی جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق تین بجے احتجاجی بھوک ہڑتال کے لیے رام لیلا میدان پہنچیں گے۔

No Flash Anna Hazare
انا ہزارے نے بدعنوانی کے خلاف اپنی جد وجہد کو ’آزادی کی دوسری جنگ‘ قرار دیا ہےتصویر: Picture-Alliance/dpa

بھارتی ذرائع ابلاغ نے بھارتی پولیس کی پہلی خاتون اہلکار اور انا ہزارے کی قریبی ساتھی کرن بیدی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،’ انا ہزارے تین ہفتے کی بھوک ہڑتال کرنا چاہتے تھے۔ تاہم وہ دو ہفتے کی بھوک ہڑتال پر رضا مند ہو گئے ہیں‘۔ پولیس کی کوشش تھی کہ وہ صرف تین دنوں کے لیے بھوک ہڑتال کریں۔

انا ہزارے نے ملک میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے جامع قانون سازی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو وہ تادم مرگ بھوک ہڑتال کریں گے۔ اسی باعث انہیں منگل کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس سماجی کارکن کی گرفتاری کے بعد بھارتی عوام نے اپنے سخت غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔ یہاں تک کے حکمران سیاسی پارٹی کو انا ہزارے کی گرفتاری پر پارلیمان کے سامنے وضاحت کرنا پڑی تھی۔

انا ہزارے نے بدعنوانی کے خلاف اپنی جد وجہد کو ’آزادی کی دوسری جنگ‘ قرار دیا ہے۔ ان کے بقول پارلیمان میں انسداد بدعنوانی کے لیے پیش کیے گئے مجوزہ قانون میں اہم ترامیم کی ضرورت ہے۔ بھارت میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مجوزہ قانون کا حتمی مسودہ اگست میں پارلیمان میں پیش کیا گیا تھا، اس قانون کے مطابق وزیر اعظم اور اعلیٰ ججوں کو خصوصی استثنیٰ حاصل ہے۔

Indien Demonstration gegen Korruption
انا ہزارے اور پولیس کی ڈیل پر بھارت میں خوشیاں منائی گئیںتصویر: dapd

بھارت میں حال ہی میں بدعنوانی کے تین بڑے کیسوں کی وجہ سے برسر اقتدار حکومت کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔ ماہرین کے بقول ان اسکینڈلز سے معلوم ہوتا ہے کہ اس وقت بھارت میں بد عنوانی سے نمٹنے کے لیے مؤثر قانون موجود نہیں ہے۔

دوسری طرف حال ہی میں ہونے والے ایک سروے کے مطابق ایشیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بھارت میں بدعنوانی کی وجہ سے حکومت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے اور اس سے ملک کی اقتصادی ترقی بھی متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں