1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انا ہزارے کی رہائی، بھوک ہڑتال شروع

19 اگست 2011

بھارت کے معروف سماجی کارکن انا ہزارے نے دارالحکومت نئی دہلی میں جیل چھوڑ کر اپنی پندرہ روزہ بھوک ہڑتال کا آغاز کر دیا ہے۔ انا ہزارے کی یہ بھوک ہڑتال ملک میں کرپشن کے خلاف کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/12KDZ
انا ہزارےتصویر: dapd

چند روز قبل جب انا ہزارے نے نئی دہلی میں بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا تو حکومت نے انہیں ان کے بہت سے حامیوں سمیت گرفتار کر لیا تھا۔ بعد ازاں انا ہزارے نے رہا ہونے سے انکار کر دیا تھا تاہم اس شرط پر کہ وہ رہا ہو کر پندرہ روزہ بھوک ہڑتال شروع کر سکیں گے، انا نے رہا ہونے کی حامی بھر لی تھی۔ جیل سے رہائی کے موقع پر ہزارے کے سینکڑوں حامیوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر لوگ بھارت کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور 74 سالہ گاندھی وادی کے حق میں نعرے بلند کر رہے تھے۔ انا ہزارے کو بعد ازاں ایک کھلی چھت والی گاڑی پر بٹھا کر دہلی کے مرکز میں واقع ایک اسٹیج تک لے جایا گیا، جہاں انہوں نے اپنی بھوک ہڑتال کا آغاز کیا۔

Flash-Galerie Indien Anti-Korruption Anna Hazare
انا ہزارے کو بعد ازاں ایک کھلی چھت والی گاڑی پر بٹھا کر دہلی کے مرکز میں واقع ایک اسٹیج تک لے جایا گیاتصویر: dapd

خیال رہے کہ بھارت میں کرپشن کے خلاف انا ہزارے کو خاصی پزیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ ان کی حمایت میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں، جن میں خاص طور پر نوجوان شامل ہیں۔ بھارتی حکمران جماعت کانگریس پارٹی کو اس وقت بد عنوانی کے متعدد الزامات کا سامنا ہے اور پارلیمنٹ کے اندر بھی حزب اختلاف کی جماعتیں، بالخصوص بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیا ہوا ہے۔ حکومت پر عائد کرپشن کے الزامات میں سر فہرست ٹیلی کام اسکینڈل ہے جس میں ریاستی خزانے کو اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے ابھی حال ہی میں انا ہزارے پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ انا ہزارے نے احتجاج کا غلط اور غیر پارلیمانی طریقہ اختیار کیا ہے۔ مبصرین کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے انا ہزارے کے خلاف طاقت کا استعمال سیاسی طور پر اس کے بہت خلاف بھی جا سکتا ہے۔ ایک جانب حکومت کو لوک سبھا میں مشکلات کا سامنا ہے تو دوسری جانب اسے کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کی بیماری کی وجہ سے بھی پریشانی لاحق ہے۔ حال ہی میں سونیا گاندھی کا نیو یارک میں ایک آپریشن کیا گیا تھا، جو حکومت کے مطابق کامیاب رہا ہے۔ بعض حلقوں کے مطابق سونیا گاندھی نیو یارک کے سب سے بڑے نجی کینسر ہسپتال میں داخل تھیں۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں